شہریار آفریدی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور
جرات ڈیسک
پیر, ۱۹ جون ۲۰۲۳
شیئر کریں
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہریار آفریدی کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر تھانہ آئی نائن میں درج کیس کی سماعت ہوئی، شہریار آفریدی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شہریار آفریدی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ پولیس نے شہریار آفریدی کے مزید 3 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ 17 جون کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شہر یارآفریدی کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کیا تھا۔