پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر شہری قتل، تعداد 52ہو گئی
ویب ڈیسک
اتوار, ۱۴ مئی ۲۰۲۳
شیئر کریں
شہر قائد میں بلدیہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کر دیا گیا، جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹان مدینہ کالونی میں ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا، پولیس نے واقعے میں ملوث تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق مقتول شہری کی شناخت ناصر خٹک کے نام سے ہوئی ہے، جس کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز سن کر اطراف میں موجود موجود پولیس پارٹی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر کراچی میں فائرنگ سے اب تک 52 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔