وفاق ہمارے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے ، بلاول بھٹو
شیئر کریں
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق ہمارے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے ورنہ وزارتیں سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہے، سیلاب سے زرعی معیشت کو بہت بڑا دھچکا لگا، ہمیں زراعت کے شعبہ پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی، چھوٹے کسانوں کی مدد کرکے معیشت میں بہتری لا سکتے ہیں، مہنگائی سے ہر طبقہ مشکلات کا شکار ہے، زراعت میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو کیسے زرعی ملک کہلائے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے گندم کی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی، ا?صف زرداری جب صدر بنے تو پاکستان کے ایکسپورٹس بہت کم تھے، ہر چیز پاکستان امپورٹ کرواتا تھا، یوکرین کے کسانوں کو ڈالر دے رہے تھے، آصف زرداری کے دور میں زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ دی گئی، چھوٹے کسانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو زرعی شعبہ میں خود کفیل بنانا اولین ترجیح ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے چھوٹے کسانوں کی مدد کریں گے، چھوٹے کسان کی مدد کر کے زرعی پیداوار بڑھائیں گے، وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین سے جو وعدے کیے وہ پورے کرے، سیلاب کے دوران 5 ملین ایکڑ رقبے پر فصلیں تباہ ہوئی ہیں، سیلاب سے زرعی معیشت کو بڑا دھچکا لگا، پچھلے 10 سال سے زرعی معیشت کو جس طرح سرمایہ کاری کی ضرورت تھی وہ نہ ہوسکی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مردم شماری پر ہم نے تحفظات اٹھائے سندھ اور دیگر صوبوں کی تعداد میں واضح فرق تھا، صرف 5 فیصد بلاک پر دوبارہ مردم شماری کا کہا تاکہ سچ پتہ چل سکے، وہ کام نہ ہوا اسی مردم شماری پر 2018 کے انتخابات ہوئے، پیپلز پارٹی نے یہی تحفظات مسلسل اٹھاتے رہے، الیکشن سامنے ہیں تو اعلان ہوا کہ ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی، جو فیڈ بیک ہمیں ملا ہے اس ڈیجیٹل مردم شماری پر پیپلز پارٹی اورعوام کے بھی تحفظات ہیں۔