کھیت اور سبزے کے نیچے قائم جاپانی لائبریری
شیئر کریں
جاپان میں گہرے سبزے اور کھیتوں کے عین نیچے ایک بہت بڑی کثیرالمنزلہ لائبریری بنائی گئی ہے جو ایک جانب علم اور دوسری جانب ماحول دوستی کا عظیم شاہکار بھی ہے۔اسے ’زیرِ زمین لائبریری‘ کا نام دیا گیا ہے جو تعمیراتی ڈیزائنر ہیروشی ناکامورا کی تخلیق بھی ہے۔ شیبا نامی جاپانی شہر میں قائم یہ لائبریری ماحول دوست کھیتوں میں تعمیر کی گئی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ کتب بین فطرت سے ہم آہنگ ہوکر پر سکون ماحول میں مطالعہ کر سکیں۔زیرِ زمین لائبریری کی چھت پر کھاد اور مٹی موجود ہے جہاں بکثرت پودے اور درخت موجود ہیں۔ کھیتوں کی مالک کمپنی کرکو فیلڈز کی انتظامیہ نے کہا کہ جس طرح پودے اور شجر مٹی کے خردنامیوں کے ساتھ ملکر رہتے ہیں عین اسی طرح ہم انسانوں کو کھیتوں کے زیرِ زمین جاکر علم حاصل کرنا چاہیئے اور اپنے تخیل کو اونچی اڑان پر لے جانا ضروری ہے۔ اسی خیال کے تحت یہ لائبریری بنائی گئی ہے۔لائبریری میں جانے کے لیے زمینی سبزے اور کھیتوں سے گزرنا پڑتا ہے اور ا?گے اچانک غار نما راستہ نمودار ہوتا ہے۔ اندر بل کھاتے راستے ہیں جہاں علم کے پیاسے گزرتے ہوئے دھیرے دھیرے ماحول سے آشنا ہوجاتے ہیں۔ اب یہاں فرش سے چھت تک کتابوں کے بڑے شیلف رکھے ہیں اور مطالعے کے لیے آرام دہ اور کشادہ جگہیں موجود ہیں۔