شاہ محمود قریشی سے ملنے آیا تھا، مجھے بھی گرفتار کرلیا گیا،اعظم سواتی کی دہائی
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ میں تو شاہ محمود قریشی سے ملنے آیا تھا تو مجھے بھی گرفتار کرلیا گیا۔بہاولپور میں جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے والے اعظم سواتی اور محمد احمد مدنی کا طبی معائنہ کیا گیا۔محمداحمد مدنی کو طبی معائنے کے بعدسینٹرل جیل پہنچا دیا گیا جبکہ سینیٹراعظم سواتی چیک اپ کے بعد ڈسٹرکٹ جیل رحیم یارخان روانہ کیا گیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہاکہ میرا نام تو جیل بھروتحریک کی ویٹنگ لسٹ میں تھا اور میں تو شاہ محمود قریشی سے ملنے آیا تھا، مجھے بھی گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے غیرقانونی طورپرگرفتارکیاگیا، میری عمر 76 سال ہے، موت کی چکی والی کوٹھڑی میں رکھاجا رہا ہے۔اعظم سواتی نے کہاکہ عدالتوں سے امیدہے وہ انصاف دیں گی اورانتخابات کاحکم دیں گی۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اعظم سواتی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ لاہور سے گرفتاری پیش کی تھی جس کی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سے تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔