میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مادرِ ملت فاطمہ جناح کا 133واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا

مادرِ ملت فاطمہ جناح کا 133واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا

جرات ڈیسک
جمعه, ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

فاطمہ جناح کی جدوجہد آج بھی خواتین سمیت پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے

مادرِ ملت کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا، مقررین

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ، تحریکِ پاکستان کی ممتاز رہنما اور مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کا 133واں یومِ پیدائش 31جولائی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی، تعلیمی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے ان کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو پاکستان کی تاریخ کا روشن باب قرار دیا گیا۔محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد 1919ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹل سرجری کی ڈگری حاصل کی اور برصغیر کی نمایاں مسلم خواتین میں اپنا منفرد مقام بنایا۔

انہوں نے اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ تحریکِ پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔ مسلمان خواتین کو سیاسی اور سماجی طور پر متحرک کرنے، تحریکِ آزادی کو عوامی سطح پر مضبوط بنانے اور قیامِ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ان کی خدمات کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہی بے مثال خدمات کے اعتراف میں قوم نے انہیں "مادرِ ملت” کا خطاب دیا۔قیامِ پاکستان کے بعد محترمہ فاطمہ جناح نے مہاجرین کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ویمنز ریلیف کمیٹی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور خواتین کی سماجی و قومی ترقی کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھی۔

بعد ازاں انہوں نے جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے بھی بھرپور آواز بلند کی۔یومِ پیدائش کے موقع پر مختلف شخصیات نے اپنے پیغامات میں کہا کہ مادرِ ملت فاطمہ جناح کی زندگی دیانت، استقامت، حب الوطنی اور عوامی خدمت کی روشن مثال ہے۔

مقررین نے کہا کہ ان کی جدوجہد آج بھی خواتین سمیت پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔تقریبات میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فاطمہ جناح کے افکار، قومی خدمات اور جمہوری اقدار کو فروغ دے کر ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں