جے یو آئی کا کراچی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ کا اعلان
شیئر کریں
جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ21جنوری کو مزار قائد کراچی میں تاریخ ساز ’’اسرائیل نامنظور ملین مارچ‘‘اور جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ، جے یو آئی کے مرکزی امیر اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مدنیہ اسلامیہ گلشن اقبال کراچی میں جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ، کراچی کے تمام اضلاع کے امرا و نظما عمومی ، سینئر اراکین ، بزنس فورم ،جمعیت طلبا اسلام کے مشترکہ اجلاس کے بعد اسرائیل مخالف ملین مارچ اور جلسہ عام کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ امت مسلمہ زندہ اور بیدار ہے مگر موجودہ حکومت نے امریکی سامراج کی غلامی میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو فراموش غلامانہ ذہنیت کی عکاسی کی ہے ، مسلم حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگانے کا وقت ہے، مسلم حکمران امریکہ و اسرائیل کی کاسہ لیسی کرتے ہوئے امت مسلمہ کے جذبات سے کھیل کر مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں، جوکہ انتہائی شرمناک ہے ، پاکستان میں ایک سازش کے تحت موجودہ ناجائر حکومت کے برسراقتدار آتے ہی اندرون خانہ اسرائیل پرو لابنگ کا آغاز کیا گیا اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرنی چاہئے اور غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرکے مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کی آواز اٹھانی چاہئے ، اسرائیل سے پینگیں بڑھانے والے حکمران مسلم امہ کے غضب سے نہیں بچ سکتے ۔جے یو آئی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسرائیل نامنظور ملین مارچ کا آغاز کراچی کے اضلاع کے مرکزی مقامات سے ہوگا ۔تمام اضلاع کے قافلے مزار قائد پر پہنچ کر اسرائیل مخالف تاریخ ساز جلسہ عام کی صورت اختیار کریں گے۔