صدر بن کر امریکی فوجیوں کو جنگیں لڑنے نہیں بھیجوں گا، ٹرمپ
شیئر کریں
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملک کے صدر بن کر امریکی فوجیوں کو جنگیں لڑنے کے لئے بیرون ملک نہیں بھیجیں گے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حریف کملا ہیرس کامیابی کی صورت میں امریکا کو تیسری عالمگیر جنگ کی طرف لے جائیں گی جس میں لاکھوں امریکیوں کی جانیں جا سکتی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست پنسلوانیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ کیا کہ وہ امریکیوں کو ان ممالک میں لڑنے اور مرنے کے لئے نہیں بھیجیں گے جن کے بارے میں انہوں نے کبھی نہیں سنا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ واحد شخص ہیں جو عالمی تنازعات کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی حریف کملا ہیرس کا امریکا کا صدر بن جانا ایک بہت بڑا جوا ہو گا، ایسی صورت میں امریکا کے بیٹے اور بیٹیاں ایک ایسے ملک میں جنگ لڑنے کے لئے تیار ہو جائیں گے جس کے بارے میں آپ نے کبھی نہیں سنا ہوگا۔امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ قبل ازیں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ ہر اس بین الاقوامی بحران کو ختم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں جو موجودہ انتظامیہ نے پیدا کیا ہے ، خاص طور پر یوکرین اور غزہ میں جاری جنگیں۔انہوں نے کہا کہ صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کی قیادت میں دوسرے لوگوں کی جنگوں کی حمایت اور مالی اعانت سے امریکا کے تیسری عالمگیر جنگ میں ملوث ہو جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے سے بھی پہلے روس اور یوکرین کو مذاکرات پر مجبور کر سکتے ہیں اور 24 گھنٹے کے اندر یوکرین جنگ کو بند کرا سکتے ہیں۔