میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تل ابیب جانے والی پرواز میں پائلٹس کے درمیان جھگڑا، ہنگامی سگنلز جاری

تل ابیب جانے والی پرواز میں پائلٹس کے درمیان جھگڑا، ہنگامی سگنلز جاری

جرات ڈیسک
بدھ, ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایک اسرائیلی عہدیدار نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ دبئی سے اسرائیل جانے والی ایک پرواز کے دوران جو ہنگامی سگنلز بھیجے گئے، ان کی وجہ طیارے کا اغوا نہیں بلکہ پائلٹس کے درمیان ہونے والا جھگڑا تھا۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق دبئی سے جانے والی اور اردن کی فضائی حدود کی طرف رخ موڑنے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 نے پہلے ایک عام ہنگامی سگنل بھیجا جس کے چند منٹ بعد ایک اور ہنگامی سگنل موصول ہوا جو ممکنہ غیر قانونی مداخلت کی نشاندہی کرتا تھا۔

ویب سائٹ کے مطابق بوئنگ 737 طیارے نے اس کے بعد دوبارہ عام ہنگامی سگنل بھیجا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ اس واقعے کو طیارہ اغوا کرنے کی کوشش نہیں سمجھا گیا۔

فلائی دبئی نے بعد میں تصدیق کی کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز ایف زیڈ 1073 کو "راستے میں ایک واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔”

ایئر لائن نے کہا ہے کہ مزید تفصیلات کی تصدیق ہونے پر مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔

ایک اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کے بعد پائلٹس نے ہنگامی سگنلز بھیجے تھے۔ یہ بات فوراً واضح نہیں ہوئی کہ آیا دونوں میں سے کسی پائلٹ نے یہ سگنل دانستہ بھیجا تھا۔

قبل ازیں اسرائیل کے تین سکیورٹی حکام نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو نے اس پرواز کے حوالے سے مشاورت کی تھی۔ اسرائیلی فوج کے ایک بیان کے مطابق سربراہ ایال زمیر نے بھی فضائیہ کے کمانڈر اور دیگر عسکری حکام کے ساتھ ‘صورتِ حال کا جائزہ’ لیا۔

فلائی دبئی ایئرلائن دبئی اور تل ابیب کے درمیان روزانہ پروازیں چلاتی ہے اور یہ فضائی راستہ اسرائیلی شہریوں میں مقبول ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں