حکومت کراچی کے مسائل پر توجہ دے رہی ہے ،مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے مسائل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، بارشوں کے بعد ہی شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ 1.5ارب روپے کے ایم سی کو سڑکوں کی مرمت کیلئے جاری کرچکی، کراچی کے مختلف منصوبوں پر 200 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے اہم پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبے مکمل ہونے سے ٹرانسپورٹ کے مسائل میں کافی حد تک بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے توسط سے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے چینی حکام سے بات شروع کردی ہے ۔مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا ہے کہ کراچی پورٹ سے جام صادق برج تک ایک اور ایکسپریس وے کا منصوبہ بنانے جارہے ہیں، ٹرانسپورٹ، روڈ سیکٹر، سیف سٹی اور کے فور جیسے پروجیکٹس مکمل ہوں گے تو کراچی عظیم شہر بن جائے گا۔