شہریوں کا کے الیکٹرک آفس پر دھاوا، توڑ پھوڑ،عمار ت کوآگ لگادی
شیئر کریں
لوڈشیڈنگ کے ستائے
سڑکوں پرنکل آئے
ہنگامہ آرائی کے باعث عمارت میں موجودکے الیکٹرک کاعملہ محبوس ،پولیس کی بھاری نفری اورفائربریگیڈحکام نے بلڈنگ میں پھنسے افرادکوباہرنکالا
کے الیکٹرک کااپنے دفاتر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ،حملوں آوروں کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون آئی بی سی پر اووربلنگ سے پریشان عوام نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، اسی دوران شرپسند عناصر نے آئی بی سی میں دھاوا بولتے ہوئے آفس میں توڑ پھوڑ کردی اور بل جلاڈالے۔توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے بعد شرپسند عناصر نے عمارت کو آگ لگادی،جس کے باعث عملہ محبوس ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور فائر بریگیڈ حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے بلڈنگ میں پھنسے اسٹاف اور صارفین کو باہرنکالا، بلڈنگ میں دھوِاں بھرنیکیباعث اندرپھنسیبیشترافراد کی حالت خراب ہوگئی۔ایسی ہی صورت حال شاہ فیصل کالونی میں بھی رونما ہوئی جہاں مشتعل افراد نے کے الیکٹرک آفس پر دھاوا بول دیا، مظاہرین کی جانب سے توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔صارفین نے کہاکہ کے الیکٹرک گھنٹوں لوڈشیڈنگ کے باوجود ہزاروں کیبل بھیجتی ہے، مہنگائی کے اس دوران میں بچوں کو کھانا کھلائیں یا بھاری بھر کم بل ادا کرے۔ادھر کے الیکٹرک ترجمان رانا عمران نے کہا کہ تنصیبات پر حملہ کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی طریقے سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے جو ریلیف کاپیکج دیاہے اس کو اپنے صارفین تک پہنچارہے ہیں، کچھ علاقوں میں ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے،ہماراعملہ محفوظ ہے تاہم کچھ دفاتراحتجاج کے باعث بندکرناپڑرہے ہیں۔ادھرکے الیکٹرک نے دفاتر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے حملوں آوروں کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہاکہ کے الیکٹرک کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں احتجاج کے نام پر کے الیکٹرک کے دفاتر پر چڑھائی، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔