عمران خان کے دعوئوں کو پشاور میں تلاش کیا کہیں کچھ نہیں ملا ‘ مریم اورنگزیب
شیئر کریں
پشاور(بیورو رپورٹ)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پشاور میں داخل ہوکر کوئی تبدیلی نہیں دیکھی، عمران خان کے دعوئوں کو پشاورمیں تلاش کیا مگر کہیں کچھ نہ ملا ،کے پی کے عوام سے جھوٹے وعدے کئے گئے ، درختو ں کا سونامی بھی نہیں دیکھا، 350 ڈیم کہاں بنائے گئے ہیں ، احتساب کمیشن کو وہ تالا لگایا گیا ہے جو کسی بھی چابی سے نہیں کھلتا،وزیراعظم نے جھوٹے الزام پر اپنی تین نسلوں کو پیش کر کے احتساب کی نئی مثال قائم کی ۔عمران خان خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔پشاورپریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطا ب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہشتگردی کی حالیہ لہر کو سوشل میڈیا پر فرقہ بندی کیساتھ جوڑا جارہا ہے ، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے، سارے پاکستانی ہمارے لئے قابل احترام ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے شہدء پارہ چنار کیلئے پیکیج کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے خطہ کیلئے منصوبہ ہے ، اسے شروع میں سیاست کی نذر کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ منصوبے سے پاکستان پورے خطہ میں اقتصادی طاقت بن کر ابھریگا ، توانائی کے پروجیکٹس مکمل ہونیوالے ہیں، جلد پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر عمران خان بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن حقیقت میں کچھ نہیں ہے۔ عمران خان کو پتہ لگا کہ جے آئی ٹی سے وزیراعظم سرخرو ہوکرنکلیں گے تو اب جے آئی ٹی کو متنازعہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جھوٹے الزام پر اپنی تین نسلوں کو پیش کیااور احتساب کی نئی مثال قائم کی ، وزیراعظم کا احتساب کرنے والے عمران خان خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔ ، عمران خان بنی گالہ سے باہر نکلیں، یورپ کی باتیں کرنیوالے نے صوبے میں کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے ساری زندگی ورلڈ کپ اور ہسپتال پر سیاست کی۔انہوں نے کہا کہ 2013ء کے بعد دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 146 اسٹیڈیمز کی تعمیر کے پروگرام بنایا جارہا ہے۔