
پارا چنار واقعہ، کراچی ،لاہورمیں دھرنے جاری ، بدترین ٹریفک جام، شہری خوار
شیئر کریں
کراچی کے مختلف علاقوں میں پارہ چنار واقعے کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کے احتجاج کے باعث سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔کراچی کے 10 سے زائد مقامات پر مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے ۔گلستان جوہر کامران چورنگی پر دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو موسمیات سے یونیورسٹی روڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے ۔ سرجانی شمس الدین عظیمی روڈ، نواب صادق خان روڈ، ناظم آباد نمبر ایک پر دھرنا جاری ہے ۔ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد 2 نمبر جانے والی ٹریفک کو لسبیلہ سے تین ہٹی بھیجا جا رہا ہے ۔اس کے علاوہ شاہراہ پاکستان پر انچولی کے مقام پر بھی دھرنا ہو رہا ہے ۔علاوہ ازیں شاہراہ فیصل اسٹارگیٹ کے قریب بھی مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث کارساز سے ڈرگ روڈ کے دونوں روڈ پر ٹریفک کا دباؤ ہے ۔ مین نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ کے سامنے بھی دھرنا ہورہا ہے ، ٹھٹھہ سے آنے اور جانے والی ٹریفک کو لنک روڈ سے پورٹ قاسم کی طرف بھیجا جا رہا ہے ۔دوسری جانب ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگ پر بھی دھرنا جاری ہے ، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن اور یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب، فائیو اسٹار چورنگی پر بھی دھرنا ہو رہا ہے ۔نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج کے قریب مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے اور ٹریفک کو ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی اور منزل پمپ سے یونس چورنگی بھیجا جا رہا ہے ۔ادھرلاہور میں پریس کلب کے باہر دھرنے کے باعث ٹریفک جام رہی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، ایجرٹن روڈ، گڑھی شاہو پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔