فتنہ الخوارج کا چھوڑا ہوا بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا، 3 بچے شہید
شیئر کریں
5 زخمی ہو گئے،پاک فوج نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے معصوم بچوں کی جانیں بچالیں
زخمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا، زخمی بچوں کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں جاری
باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے چھوڑے بارودی مواد کے دھماکے سے 3 بچے شہید اور 5 زخمی ہو گئے جنہیں پاک فوج نے فوری ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور سی ایم ایچ منتقل کر دیا۔ذرائع کے مطابق لغڑئی میں بچے فتنہ الخوارج کے چھوڑے گئے مواد سے کھیل رہے تھے کہ بارودی مواد پھٹ گیا، بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج نے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا، زخمی بچوں کا علاج پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں سی ایم ایچ پشاور میں جاری ہے۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کر لیے۔یہ سانحہ ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج نے علاقے میں کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے، فتنہ الخوارج ماضی میں بھی مساجد اور گھروں کو ڈھال بنا کر دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔یاد رہے کہ وادی تیراہ میں بھی کچھ دن پہلے فتنہ الخوارج کے ذخیرہ شدہ باردوی مواد پھٹنے سے کئی معصوم شہری شہید اور 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام کے تعاون سے سکیورٹی فورسز اور متعلقہ ادارے باجوڑ کو فتنہ الخوارج کے خطرات سے جلد مکمل پاک کریں گے۔


