جوہر ٹائون اور داسو حملے کی کڑیاں ملنے لگیں‘ دہشت گردوں کاسراغ مل گیا
شیئر کریں
جوہر ٹائون اور داسو حملے کی کڑیاں ملنے لگیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے داسو حملے میں ملوث ہونے کے شبہ پر لاہور سے کوئٹہ کے رہائشی دو بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق جوہر ٹائون دھماکے اور چینی باشندوںپر حملوں کی منصوبہ بندی کی کڑیاں مل گئی ہیں، تحقیقاتی اداروں نے دہشتگردوں کے روابط کا کھوج لگا لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی کڑیاں بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ملیں، داسو حملے میں ملوث لاہور سے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،داسو حملے میں استعمال گاڑی لاہورمیں مقیم شخص کی ملکیت تھی جبکہ گرفتار کئے گئے 2 سگے بھائیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے، دونوں 15سال سے ڈیفنس پی بلاک میں رہائش پذیر تھے۔ واضح رہے کہ14 جولائی کو برسین لیبر کیمپ سے غیر ملکی تعمیراتی کارکنوں کی بس ملازمین کو اپنے اپنے مقام پر منتقل کرنے جارہی تھی کہ اچانک بس میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے 10مسافر جاں بحق جبکہ 39زخمی ہوگئے تھے، قبل ازیں 23 جون کو لاہور کے علاقے جوہر ٹائون میں بھی دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔