26 سال کی سیاسی جدوجہد میں سب سے اہم سفر شروع کر رہا ہوں، عمران خان
جرات ڈیسک
جمعه, ۲۸ اکتوبر ۲۰۲۲
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی شکل میں 26 سال کی سیاسی جدوجہد میں سب سے اہم سفر شروع کر رہا ہوں۔ لبرٹی چوک لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرا مارچ سیاست یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں ہے، مارچ کا مقصد صرف ایک ہی ہے کہ اپنی قوم کو آزاد کروں اور صاف و شفاف انتخابات چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی اس امپورٹڈ حکومت نے کی ہے، لوگ تماشا دیکھ رہے ہیں قوم مہنگائی میں ڈوب رہی ہے، بھارت روس سے سستا تیل لے سکتا ہے لیکن غلام پاکستانیوں کو اجازت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے فیصلے ملک میں ہی ہوں، لندن اور واشنگٹن میں نہ ہوں، قوم ہر قربانی دینے کو تیار ہے لیکن چوروں کو قبول نہیں کرے گی۔