میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ناظم جوکھیوکاقتل،دھابیجی میں پیپلزپارٹی مخالف لہرچل پڑی

ناظم جوکھیوکاقتل،دھابیجی میں پیپلزپارٹی مخالف لہرچل پڑی

ویب ڈیسک
اتوار, ۷ نومبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)دھابیجی کے گوٹھ سالار آچار جوکھیو میں نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل نے شدید غم و غصے اور بغاوت کی لہر پیدا کردی ، ورثاء نے پی پی قیاد ت کو کھری کھری سناتے ہوئے انصاف کی فراہمی اور جام بھائیوں کو پارٹی سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کردیا،نثار کھوڑو، نفیسہ شاہ، ساجد جوکھیو ورثاء کو خاطر خواہ یقین دہانی نہ کروا سکے۔ رپورٹ کے مطابق ملیر میں پیپلز پارٹی ایم این اے جام عبدالکریم جوکھیو اور ایم پی اے جام اویس جوکھیو کی رہائشگاہ پر بیہمانہ تشدد کے باعث ہلاک ہونے والے نوجوان ناظم جوکھیو کے گائوں میں ورثاء میں جام سرداروں کے خلاف شدید اشتعال پھیل گیا ہے، قتل کے تیسرے روز بھی سینکڑوں سیاسی رہنما، وکلائ، شہری فاتحہ خوانی کیلئے پہنچے۔ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر سینئر رہنما سید شاہ محمد شاہ، قادر بخش کلمتی نے پہنچ کر ورثاء سے فاتح خوانی کی۔ پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور صوبائی وزیر ساجد جوکھیو نے بھی ورثاء سے فاتحہ خوانی کی،ورثاء نے کہا کہ ہمیشہ سے پی پی امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کیا لیکن ہم کو یہ صلہ ملا کہ 3 گھنٹے تک اسپتال میں پوسٹ مارٹم نہیں ہورہا تھا، اسپتال میں پی پی رہنما نہیں آئے لیکن حلیم عادل شیخ پہنچے، کوئی پی پی رہنما نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوا، دونوں بدمعاش بھائیوں ایم پی اے جام اویس اور ایم این اے جام کریم جوکھیو کو پارٹی سے بے دخل کیا جائے، جس پر نثار کھوڑو جھوٹی تسلیاں دیتے رہے اور انہوں نے قصاص دیت کے قانون کی بات کی۔بعد میں پی پی ایم این اے سید ہ نفیسہ شاہ اور ایم پی اے شاہینہ شیر علی بھی پہنچی،نفیسہ شاہ نے کہا کہ یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ کون سی طاقت ہے، واقعے میں قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔ جرأت کے سوال پر نفیسہ شاہ نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ واقعے پر سرکاری مشینری کو حرکت میں آنے میں تاخیر ہوئی لیکن دیر آید درست آید کی طرح قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، بلاول بھٹو لاڑکانہ میں مصروف ہونے کے باعث ٹوئٹ نہیں کرسکے ہونگے، میں نے خود بھی ناظم جوکھیو کے قتل پر ٹوئٹر پر ردعمل نہیں دیا۔ گڈاپ سے منتخب ایم پی اے اور پارلیمانی سیکریٹری یوسف بلوچ نے سالار آچار جوکھیو گوٹھ پہنچ کر فاتحہ خوانی کی، ان کے سامنے بھی ورثاء نے کہا کہ ناظم کو ہلاک کرنے کا ذمہ دارپی پی ایم این اے جام عبدالکریم جوکھیو ہے، ہمارے سردار ایسے ہیں جو اپنے ہی لوگوں کو بے عزت ، ذلیل اور رسوا کرتے ہیں۔جئے سندھ قومی محاذ کے رہنما ریاض چانڈیو، پیپلز پارٹی (شہید بھٹو)گروپ کی رہنما فیروزہ لاشاری اور دیگر نے بھی ناظم جوکھیو کے ورثاء سے تعزیت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں