دنیا بھر میں کشمیرپربھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا
شیئر کریں
کشمیرپربھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا۔جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔یاد رہے کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے برصغیر کی تقسیم سے متعلق منصوبے اور کشمیریوں کی خواہش کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتارکرجابرانہ قبضہ کیا تھا۔مقبوضہ کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی قبضے کے 73سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 73 سال قبل بھارت نے جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا اورکشمیریوں کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق سے محروم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا حق چھین لیا اور کشمیریوں کی دکھ بھری داستان طویل عرصے تک چلتی رہی ہے، 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کے لیے ظلم کی نئی داستان شروع ہوئی، بھارت نے 9 لاکھ فوج کے بل بوتے پر80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو حاصل بچے کچھے حقوق بھی سلب کر لیے ہیں اور کشمیری قیادت اور ہزاروں نوجوانوں کو بھارت نے جیلوں میں ڈال دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کو ایک طرح کی جیل بنا دیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے بدقسمت لمحہ ہے کہ وہ نہ بھارتی شہری ہیں اور نہ انہیں حق خودارادیت ملا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو ووٹ سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا تھا، کشمیریوں کو حق خودرادیت ملنے تک میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کشمیری عوام کی حق پرست جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر انسانی اقدامات، وحشیانہ جبر نے ہندوتوا نظریے کی پیروکار آر ایس ایس بی جے پی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔