وزیراعظم رمضان کے بعد کراچی اسپیشل پیکج کا اعلان کریں گے‘ گورنر سندھ
شیئر کریں
کراچی (کامرس رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ وزیر اعظم رمضان کے بعد کراچی آئیں گے۔ جہاں وہ کراچی کے لئے اسپیشل پیکج کا اعلان کریں گے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر تاجروں سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اسحاق ڈار سے خصوصی طور پر کراچی کے پیکج کے حوالے سے بات کی تھی جس کا انہوں نے حوصلہ افزا جواب دیا۔ کراچی کی ترقی کے لئے وزیراعظم سے بات کی جس پر وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ہم کراچی کے لئے جو بھی کریں اسے پاکستان کے حوالے سے دیکھا جائے کیونکہ کراچی اپنے قائدانہ کردار سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست کیپٹن (ر) معیز اور صدر اختر اسماعیل نے گورنر سندھ کو اپنی ایسوسی ایشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کیپٹن (ر) معیزنے اس موقع پر کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے انہوں نے کہا کہ علاقہ سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے جبکہ وفاقی حکومت میچنگ گرانٹ کا وعدہ پورا کرے محمد عثمان نے کہا کہ اتوار کے دن سوئی گیس بند ہوتی ہے آر ایل این جی دی جائے ایسوسی ایشن کے صدر اختر اسماعیل نے کہا کہ بہت لوڈشیڈنگ ہوتی ہے کے الیکٹرک کو پابند کیا جائے کہ صنعتوں کے لئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے۔ گورنر سندھ محمد زبیر سے معروف سماجی کارکن رمضان چھیپا نے آج گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ سماجی بھلائی کی تنظیمیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حکومت کا بازو ثابت ہو رہی ہیں خصوصاً چھیپا فاﺅنڈیشن اس ضمن میں خدمات قابل تعریف ہیں گورنر سندھ نے کہا کہ غریب اور سفید پوش افراد کے لئے دسترخوان کا اہتمام چھیپا فاﺅنڈیشن کا اہم کارنامہ ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔