میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
رمضان میں کس ملک کے عوام کتنے گھنٹے کاروزہ رکھیں گے

رمضان میں کس ملک کے عوام کتنے گھنٹے کاروزہ رکھیں گے

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۸ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

تہمینہ نقوی
رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور آسمان پر سورج آگ برسانے اور زمین پر کے الیکٹرک اور دیہی علاقوں میں واپڈا کے زیر انتظام کام کرنے والی بجلی کمپنیاں عوام پر لوڈ شیڈنگ کا قہر توڑنے میں مصروف ہیں اوراس کے ساتھ ہی نئے سال کابجٹ عوام پر نہ جانے کتنے بم گرانے والا ہے، ایسی صورت میں روزے کے بارے میں سوچ کر ہی جسم پر کپکپی سی طاری ہونے لگتی ہے ،لیکن موسم خواہ کتنا ہی شدید ہوجائے اور زمین پر خدا بن بیٹھنے والے انسانوں پر عرصہ زندگی تنگ کرنے کے خواہ کتنے ہی حربے آزما لیں ،دل میں اپنے اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی تمنا رکھنے والے لوگ خواہ جسمانی طورپر پر کتنے ہی کمزور وناتواں کیوں نہ نظر آتے ہوں، روزہ رکھنے کے لیے کمر کس رہے ہیں اور وہ روزے کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں اور ہر قیمت پر روزہ رکھ کر اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا عزم مصمم کیے ہوئے ہیں ۔خیال اغلب ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز پاکستان میں اتوار سے ہورہا ہے اور یہ تو سب کو ہی معلوم ہے کہ اس بار پاکستان میں روزے کا دورانیہ لگ بھگ 16 گھنٹے یا اس سے زائد ہی ہوگا تاہم کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں سب سے طویل اور مختصر روزہ کس مقام پر رکھا جاتا ہے؟
سب سے طویل روزہ
اس سال سب سے طویل دورانیے کاروزہ گرین لینڈمیں ہوگا جہاں کے مسلمان 21 گھنٹے 2 منٹ طویل روزہ رکھیں گے، گرین لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر آئس لینڈ ہے جہاں روزے کا دورانہ 21 گھنٹے ہوگا جس کے بعد فن لینڈ 19 گھنٹے 56 منٹ، پھر ناروے 19 گھنٹے 48 منٹ، سوئیڈن 19 گھنٹے 42 منٹ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔اس کے علاوہ روس اور ڈنمارک میں بھی 19 گھنٹے سے کچھ زیادہ کا روزہ ہوگا جبکہ بیلاروس، جرمنی، آئرلینڈ، برطانیہ، نیدرلینڈ، بیلجیئم سمیت بیشتر یورپی ممالک میں سحر سے افطار کے درمیان 18 گھنٹوں سے زائد کا دورانیہ ہوگا۔
سب سے مختصر روزہ
اسی طرح دنیا میں روزے کا سب سے کم دورانیہ ارجنٹائن میں ہوگا جو کہ 11 گھنٹے 32 منٹ ہوگا، جس کے بعد آسٹریلیا ہے جہاں یہ دورانیہ 11 گھنٹے 35 منٹ ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ میں 11 گھنٹے 37 منٹ، زمبابوے میں 12 گھنٹے 26 منٹ ہوگا۔اس کے بعد وسطی امریکا کے ملک چلی میں 11 گھنٹے 30 منٹ طویل روزہ ہوگا، جس کے بعد جنوبی افریقہ ہے جہاں یہ دورانیہ 12 گھنٹے 06 منٹ ہوگا، جبکہ جزائر کوکوس میں 12 گھنٹے 47 منٹ اور کرسمس آئی لینڈ میں 12 گھنٹے 51 منٹ ہوگا۔
وہ ممالک جہاں روزہ 13 سے 18 گھنٹے کاہوگا
ایسے ممالک جہاں روزہ 13 سے 18 گھنٹے کاہوگا، میں، پاکستان بھی شامل ہے جہاں کراچی میں لگ بھگ 15 گھنٹے طویل روزہ ہوسکتا ہے جبکہ بھارت میں 15 گھنٹے 02 منٹ، ایران میں 16 گھنٹے 4 منٹ، کینیڈا میں 17 گھنٹے 24 منٹ، امریکا میں 16 گھنٹے 29منٹ، مصر میں 15 گھنٹے 36 منٹ، سعودی عرب میں 14 گھنٹے 41 منٹ، متحدہ عرب امارات میں لگ بھگ 15 گھنٹے، افغانستان میں15گھنٹے 51 منٹ، قازقستان میں 18 گھنٹے 12 منٹ، جاپان میں 15 گھنٹے 45 منٹ، انڈونیشیا میں 13 گھنٹے 2 منٹ اور نائیجریا میں ساڑھے 13 گھنٹے طویل روزہ ہوگا۔
ایسے ممالک کے مسلمان جہاں سورج غروب نہیں ہوتا، روزہ کیسے افطار کریں گے؟
امریکی ریاست الاسکا کے علاقے جوناﺅمیں مسلمان روزہ رکھنے کے بعد افطار کیسے کریں گے؟ جہاں سورج آدھی رات کے بعد بھی آسمان پر نظر آرہا ہوتا ہے، یا فن لینڈ کے شمالی علاقوں میں جہاں موسم گرما کے دوران پورے 2 ماہ تک سورج غروب ہی نہیں ہوتا۔اس حوالے سے مقامی علمانے گزشتہ سال فتویٰ جاری کیا تھا کہ مقامی مسلمان کسی دوسرے قریبی ملک میں سورج طلوع و غروب ہونے کے اوقات کے مطابق روزہ رکھ سکتے ہیں۔اسلامک سینٹر آف ناردرن ناروے نے ایک فتویٰ جاری کیاتھا جس میں کہا گیا ہے کہ مقامی مسلمانوں کو آپشن دیا گیا کہ اگر ناروے میں روزے کا دورانیہ 20گھنٹے سے تجاوز کرے تو وہ مکہ مکرمہ میں رمضان کے نظام الاوقات پر عمل کرتے ہوئے روزہ رکھ سکتے ہیں۔امریکی علمانے بھی اس سے ملتا جلتا فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو مسلمان الاسکا کے انتہائی شمالی خطے میں رہتے ہیں وہ کسی اور ملک کے سورج طلوع اور غروب ہونے کے اوقات کے مطابق سحر اور افطار کرسکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں