شہر قائد میں 500مکمل الیکٹرک بسوں کی فراہمی پر غور
شیئر کریں
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے مشترکہ اجلاس میں پائپ لائن اور کچھ دیگر نئے منصوبے جو ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے شروع کر سکتے ہیں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں ہوا جس میں صوبائی وزرا، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن، وزیر توانائی ناصر شاہ، وزیر صنعت جام اکرام، میئر کراچی مرتضی وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلی نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث کراچی کا پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام کافی پرانا ہوچکا جس کی وجہ زیادہ بھیڑ، ناکارہ اور ماحول کو نقصان پہنچانے والے اقدامات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس، الیکٹرک بسوں اور پنک بسوں کی شمولیت سے فرق پڑا ہے لیکن اس کے باوجود شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ کے مسئائل کو حل کرنے کیلئے مزید بسوں کے ایک بیڑے کی ضرورت ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے وزیراعلی کو بتایا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے ان کے محکمے نے انہیں شہر کے ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک میں 500 مکمل الیکٹرک بسیں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے مسافروں کے تجربے میں اضافہ، ٹریفک کی بھیڑ میں کمی اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی تجویز پر ڈونر ایجنسیوں سے بات چیت شروع کر دی ہے امید ہے کہ وہ فنڈز محفوظ کر لیں گے۔ انہوں نے پی اینڈ ڈی اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو مطلوبہ کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی سے باہر سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو اس کی آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جدید اور وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ صوبہ معاشی اور سماجی طور پر ترقی کرتا جا رہا ہے، موجودہ پبلک ٹرانسپورٹ کی پیشکشیں رفتار برقرار رکھنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ ان کا محکمہ 300 ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریندے کی تجویز پر کام کر رہا ہے جس میں سندھ کے پانچوں ڈویژنوں میں سے ہر ایک کو 60 بسیں مختص کی جائیں گی تاکہ کنیکٹیوٹی، ماحولیاتی معیار اور تمام رہائشیوں کیلئے ٹرانسپورٹ کے ایک قابل اعتماد اور موثر طریقہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک ڈویژن حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد کو 60 بسیں دی جائیں گی۔ اجلاس میں صوبے میں انٹرسٹی ٹرانسپوریشن کیلئے 300 ای وی بسوں کی خریداری کے ایک اور منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے وزیراعلی کو بتایا کہ 300 ڈیزل-ہائبرڈ/ای وی بسیں انٹرسٹی ٹرانسپورٹیشن کیلئے ہیں جو صوبے بھر کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کو جوڑتی ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ اس اقدام کو عوام کے لیے ایک کفایتی، محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ آپشن
فراہم کرنا چاہیے، نجی آپریٹرز کی جانب سے کرایوں میں اضافے اور حفاظتی خدشات کو ختم کرنا چاہیے۔