پاکستان میں سائبر سیکیورٹی کا نظام ہماری اسٹریٹیجک پلاننگ سے مطابقت نہیں رکھتا، سائبر ماہرین
شیئر کریں
انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور سائبر ماہرین نے کہا ہے پاکستان میں گزشتہ ایک برس کے دوران جتنی بھی سرکاری اور نجی ویب سائٹس ہیک کی گئیں ان کا ڈیٹا بھی ڈارک ویب پر موجود ہے، پاکستان میں سائبر سیکیورٹی اس قابل نہیں ہے جو ہماری اسٹریٹجک پلاننگ سے مطابقت رکھتی ہو۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعِظم ہاؤس کی ٹیلی فون کالز خاص طور وزیراعظم شہبازشریف اور مریم نوازشریف کی مبینہ آڈیو لیکس ہونے کے بعد ان آڈیوز کی ڈارک ویب پر نیلامی کی جارہی ہے، ڈارک ویب پر ان آڈیوز کی نیلامی کی پیش کش 13 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے جب ڈائریکٹر فرانزک ریسرچ اینڈ سروسز سینٹر، گیریژن یونیورسٹی کوکب زبیری سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ڈارک ویب کیا ہوتی ہے تو انہوں نے بتایا ڈارک ویب، انٹرنیٹ کی دنیا کاوہ حصہ ہے جس تک پہنچنے کے لیے خصوصی سافٹ ویئر کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈارک ویب جرائم کی وہ دنیا ہے، جہاں قانون کے ادارے بھی نہیں پہنچ پاتے، ڈارک ویب میں ایسی سائٹس شامل ہیں جو گوگل سرچ پر نظر نہیں آتیں۔ کوکب زبیری نے کہا کہ ڈارک ویب پر لوگ منی لانڈرنگ، چوری شدہ اسناد کی تجارت، بچوں کا استحصال اور اسکیمر ڈیوائسز کی خرید و فروخت سمیت بینک اکاؤنٹ کے ڈیٹا کی بھی ہیکنگ کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کے لیے بھی ڈارک ویب ایک اہم پلیٹ فارم ہے جس کی مدد سے وہ دنیا بھر میں اپنے کارکنوں سے رابطے، نئے افراد کی بھرتی اوردہشت گردی کی کارروائیوں کی پلاننگ کرتے ہیں۔ کوکب زبیری نے کہا گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں جتنی بھی سرکاری اور نجی ویب سائٹس ہیک کی گئیں ان کا ڈیٹا بھی ڈارک ویب پر موجود ہے، ہیکر بٹ کوئن سمیت ڈیجیٹل کرنسی کے ذریعے لین دین کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خاص طور پر سائبرسیکیورٹی سے جڑے لوگ ڈارک ویب چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف رہتے ہیں لیکن ان تک پہنچنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سائبر سیکیورٹی کا نظام ابھی اس قابل نہیں ہے اورنہ ہی ہماری اسٹریٹجک پلاننگ سے مطابقت رکھتا ہے تاہم ہمارے ماہرین دن رات اس کام میں لگے ہوئے ہیں اور ان شاءاللہ ایک دن ہمیں کامیابی ضرور ملے گی ہماری سائبر سیکیورٹی ناقابل تسخیر ہوسکے گی۔