میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ حکومت ،کراچی کے اسپتالوں کا ترقیاتی کام مکمل کروانے میں ناکام

سندھ حکومت ،کراچی کے اسپتالوں کا ترقیاتی کام مکمل کروانے میں ناکام

ویب ڈیسک
هفته, ۲۷ فروری ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)حکومت سندھ کراچی میں نئے اسپتال بنانے اور پرانے اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، کئی برس سے سینکڑوں اسپتالوں کا ترقیاتی کام مکمل نہیں ہوسکا۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے کیماڑی کو ضلع کا درجہ دے دیا، لیکن اسپتال ابھی تک تعمیر نہیں ہوا، کیماڑی میں شہید بینظیر بھٹو اسپتال کی اسکیم سال 2011 میں منظور ہوئی، 10 سال گزرنے کے باوجود 30 کروڑ کی اسکیم پر ابھی تک صرف 5 فیصد کام مکمل ہوا ہے اور اسپتال سال2023 میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ضلع سینٹرل میں ایف بی ایریا میں 50 بیڈ کی اسپتال کی اسکیم سال 2012 میں منظور ہوئی اور 30 کروڑ کی اسکیم 2023 میں مکمل ہوگی،اسکیم پر 8 سال میں صرف 21 فیصد کام کیا گیا ہے۔بن قاسم ٹائون رزاق آباد میں میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر بھی تاخیر کا شکار ہے ، ایک ارب 42کروڑ روپے کی اسکیم پر 62 فیصد کام مکمل ہوا ہے اور رواں برس صرف 67فیصد کام مکمل ہوگا، سال 2012 میں منظور کی گئی اسکیم کو 23 میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پی آئی بی کالونی میں 100بیڈ کے اسپتال کی اسکیم سال 2012 میں منظور ہوئی اور اسکیم پر 57 فیصد کام کرکے دعویٰ کیا گیا ہے کہ 47 کروڑ کی اسکیم رواں برس ہی مکمل کرلی جائے گی۔اورنگی ٹائون گلشن ضیا ء میں 100بیڈ کے اسپتال کی اسکیم سال 2013 میں منظور کی گئی اور محکمہ صحت 8 سال گذرنے کے باوجود اسپتال کا تعمیراتی کام 23 فیصد کیا گیا ہے ، حکومت سندھ کا دعویٰ ہے کہ اسپتال 2023 میں مکمل ہوجائے گا۔ صدر میں نشتر روڈ پر گذدرآباد جنرل اسپتال کو اپ گریڈ کرکے 200 بیڈ کرنے کی اسکیم بھی سال 2012 میں منظور ہوئی ، اسکیم پر 47فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا گیا ہے اور دعویٰ ہے کہ رواں برس ترقیاتی کام مکمل ہوجائے گا۔ جمشید ٹائو ن میں اسپتال کی اسکیم سال 2012 میں 33کروڑ کی لاگت سے منظور ہوئی، لیکن ابھی تک 20 فیصد کام مکمل ہوا ہے اور رواں برس 100 فیصد کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ لانڈھی میں جھلسے ہوئے افراد کے علاج کیلئے اسپتال کی اسکیم سال 2012 میں منظور ہوئی اور 9 سال میں 46فیصد کام مکمل گیا ہے، محکمہ صحت کا دعویٰ ہے کہ وہ رواں برس اسپتال کا ترقیاتی کام مکمل کرے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں