میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صائمہ بلڈرز کے اکثر پراجیکٹس تنازعات سے دوچار

صائمہ بلڈرز کے اکثر پراجیکٹس تنازعات سے دوچار

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۶ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

صائمہ عربین ولاز کو بلک گیس کنکشن کی فراہمی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے افسران نے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑادیں،مکینوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ پر ایک کروڑ 95لاکھ روپے کی ادائیگی پر 4 ہزار میٹرزصائمہ عربین ولاز کو فروخت کرنے کا الزام عائد کردیا ، صائمہ عربین ولاز کے مکینوں کی شکایات پر ایس ایس جی سی ایل افسران کا اوگرا پر نرم فیصلہ دینے کے دبائو کا انکشاف ہوا ہے۔ جرأت کی خصوصی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گڈاپ میں صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے سال 2019 میں سوئی سدرن گیس کمپنی سے بلک کنکشن حاصل کرکے گھروں اور فلیٹوں میں تقریباً 5 ہزار میٹر نصب کیے لیکن بعد میں مکینوں کے پاس گیس بل سوئی سدرن کے نہیں بلکہ صائمہ بلڈرزکی طرف سے آگئے ، جس پر صائمہ عربین ولاز نے سوئی سدرن، اوگرا کے افسران کو شکایات ارسال کیں،ایم ڈی سوئی سدرن کی طرف سے جنرل منیجر (آر اے) اسد مصطفی نے صائمہ عربین ولاز کی درخواست پر بلک کنکشن جاری کیا، مکینوں نے تحریری طور پر اوگرا اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے سوال کیا کہ کون سی شرائط پر صائمہ عربین ولاز کو گیس کنکشن جاری کیا گیا اور منظوری کس نے دی ؟کس نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی ملکیت فروخت کرنے کا حکم جاری کیا؟صائمہ عربین ولاز میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے خود پائپ لائن نصب کی یا صائمہ عربین ولاز میں پائپ لائن کو منظورکیا گیا ؟ رہائشی اسکیم میں بچھائی گئی پائپ لائن ایس ایس جی سی ایل کے معیار کے مطابق ہے ؟ کیا سوئی سدرن گیس کمپنی نے صائمہ عربین ولاز کی انتظامیہ کو اختیار دیا ہے کہ وہ گیس استعمال کے چارجز ایس ایس جی سی ایل کے بجائے خود وصول کرے، بے ضابطگی میں ملوث تمام افسران کے نام سامنے لائے جائیں ۔ جبکہ اوگرا افسران کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے افسران صائمہ عربین ولاز کو بلک گیس کنکشن کے معاملے پر منت سماجت کرتے ہیں کہ کوئی نرم فیصلہ جاری کریں ، صائمہ عربین ولاز کو بلک گیس کنکشن فراہم کرنے سے اوگرا کے لائسنس کنڈیشن کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے گیس کی تیسری کمپنی قائم کرلی ہے،ایکشن اوگرا لے سکتا ہے، بلک گیس کنکشن کی فراہمی کا معاملہ اوگرا سیکریٹریٹ اسلام آباد اور کراچی کے درمیان فٹ بال بنا ہوا ہے، رجسٹرار اوگرا نے بار بار کیس کراچی ارسال کیا ہے، اوگرا کے ساتھ مبینہ طور پر لین دین کے باعث اقدام نہیں ہورہا اور اوگرا ہی حتمی فیصلہ کرے گاکہ صائمہ عربین ولاز کے مکین اوگرا یا سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے صارف نہیں ۔واضح رہے کہ صائمہ بلڈر کے ذیشان ذکی کے تقریباً تمام پراجیکٹس ان دنوں کسی نہ کسی تنازع سے دوچار ہیں اور ذیشان ذکی چمک کے باعث مختلف قانونی کارروائیوں کی زد میں ہونے کے باوجود بچنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ مگر اُن کی یہ کامیابی تمام اداروں کے افسران کو مسلسل مشکلات سے دوچار کر رہی ہیں جس کے باعث اب مختلف افسران ذیشان ذکی کا نام سامنے آتے ہی اپنا دامن بچانے کے جتن کرتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں