پی آئی اے پر ایک کروڑ سے زائد جرمانہ
شیئر کریں
سامان کی تاخیر سے ترسیل پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کارروائی
اسلام آباد ایئرپورٹ پر 70 لاکھ سے زائد اور لاہور میں 14 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں کے سامان کی تاخیر سے ترسیل پر پی آئی اے پر ایک کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا۔دستاویزات کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پی آئی اے کو جرمانے کی ادائیگی کا حکمنامہ جاری کیا تھا اور 25 ستمبر تک مکمل رقم جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت میں جرمانہ ادا نہیں کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو 70 لاکھ روپے سے زائد جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر 14 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو مسافروں کو مناسب سہولیات کی فراہمی اور گراؤنڈ ہینڈلنگ میں تاخیر کے حوالے سے متعدد بار متنبہ بھی کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے حکام نے سامان کی ترسیل میں تاخیر کا ذمہ دار پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی آپریشنل صلاحیت کو قرار دیا ہے۔ جی ایم ٹریفک طارق مجید کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس اور اسکینرز کی مناسب سہولت نہ ہونے کے باعث سامان کی ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے، جبکہ متعدد پروازوں کے بیک وقت اترنے سے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے کہا کہ اتھارٹی کی آپریشنل صلاحیت میں کمی کے باعث سامان کی بروقت ترسیل متاثر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ایسے جرمانے معمول کی کارروائی کا حصہ ہیں اور دیگر ایئرلائنز پر بھی جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ جرمانے میں کمی یا معافی کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔


