میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اوگرا آئل ٹینکر ایسوسی ایشن مذاکرات، ہڑتال جاری، پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی

اوگرا آئل ٹینکر ایسوسی ایشن مذاکرات، ہڑتال جاری، پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۶ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) آئل ٹینکرز کی ہڑتال ختم کرانے کیلئے ہونے والے اوگرا اور آئل ٹینکرایسوسی ایشن کے مذاکرات ناکام ہوگئے، آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال دوسرے روز داخل ہونے کے بعد پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکرز مالکان نے سانحہ احمد پور شرقیہ جیسے واقعات روکنے کیلئے حفاظتی انتظامات اختیار کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد حکومت اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری پیٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان ملاقات میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف شاہوانی شریک ہوئے، جبکہ مذاکرات میں چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل اور ڈی جی آئل عبدالجبارمیمن بھی شریک ہوئے۔مذاکرات کے دوران آئل ٹینکرز مالکان انسانی زندگی کو بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات ماننے کو تیار نہیں ہوئے، انہوں نے غیر معیاری ٹینکرز سے تیل کی سپلائی جاری رکھنے پر اصرار کیا، جبکہ اوگرا نے ٹینکرز مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے صاف انکار کردیا۔ ترجمان کا کہناتھاکہ ٹینکرز مافیا بلیک میل کررہی ہے، ہم بلیک میل ہوں گے اور نہ ہی کسی کو انسانی زندگی سے کھیلنے کی اجازت دیں گے۔ ترجمان عمران غزنوی نے کہا کہ آئل ٹینکرز والے آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں بات کریں ان سے مذاکرات کو تیار ہیں، لیکن وہ بلیک میلنگ کرنا چاہتے ہیں، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز نے کہا کہ آئل ٹینکر کیلئے اوگرا کے معیار پر فوری طور پر عملدرآمد ممکن نہیں ۔دوسری جانب آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف شاہوانی کا کہنا تھا کہ اوگرا کی پالیسیاں غلط ہیں اور ہم اوگرا کا قانون نہیں مانتے اب اوگرا سوتا ہوا جاگ گیا، موٹروے پر ہماری گاڑیوں کے بلاوجہ چالان کئے جارہے ہیں اور ایکسل بڑھانیکا بھی کہا جارہا ہے، ہم نئے سسٹم پر نہیں چل سکتے، وزارت پیٹرولیم کو پرانا سسٹم ہی بحال کرنا ہوگا،یوسف شاہوانی نے کہا کہ ہم پر لوگوں کی ہلاکتوں کا الزام لگایا جارہا ہے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کو آگ ہم نے نہیں لوگوں نے لگائی جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، ہمارے جو بھی مطالبات ہیں انہیں مانا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا دما دم مست قلندر جاری رہے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں