قوم پرست جماعتوں کی بحریہ ٹائون کیخلاف پھراحتجاج کی تیاریاں
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بحریہ ٹاؤن کیخلاف ایک بار پھر احتجاج کی تیاریاں شروع ہوگئیں، سندھ انڈ یجینئس رائٹس الائنس کے رہنماؤں نے 27جون کو احتجاجی ریلی میں شرکت کے لیے قوم پرست جماعتوں کو دعوتیں دینا شروع کر دیں، پولیس کی جانب سے شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے سے متعلق حکمت ِ مرتب کر لی گئی، دوران احتجاج ملک کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو فوری گرفتار کیا جا ئے گا۔ تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مختلف قدیم گوٹھوں پر قبضے کیخلاف سندھ کی مختلف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے اتوار کو ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بحریہ ٹاؤن کے مظالم کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ قوم پرست جماعتوں کے حمایت یافتہ سندھ انڈیجینئس رائٹس الائنس کی جانب سے چھ جون کو بھی بحریہ ٹاؤن کیخلاف احتجاج کیا گیا تھا جس میں بحریہ ٹاؤن کے مرکزی دروازے اور کمرشل ایریا کو بری طرح سے نقصان پہنچایا گیا ہے تمام تر صورتحال کو مد ِنظر رکھتے ہوئے سندھ پولیس نے بحریہ ٹاؤن کیخلاف ہونے والی احتجاجی ریلی سے قبل اپنے مورچے سنبھال لیے ہیں جس کے تحت مظاہرین کے مشتعل ہونے کی صورت میں فوری طور پر انہیں نہ صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ ان پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔