لمپی اسکن بیماری گائے کے بعد بھینسوں میں بھی پھیل گئی
شیئر کریں
صوبہ سندھ کے کئی شہروں میں دودھ دینے والے جانوروں کی بیماری لمپی اسکن گائے کے بعد بھینسوں میں بھی پھیل گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں بھینسوں میں بھی لمپی اسکن ڈیزیز کے کیسز سامنے آ گئے ہیں، محکمہ لائیو اسٹاک نے بیماری بھینسوں میں پھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کی نامور درس گاہ ڈا یونیورسٹی نے جانوروں میں پھیلنے والی لمپی اسکن ڈیزیز کی ویکسین بنانے کا اعلان کیا ہے، یہ ویکسین محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کے اشتراک سے بنائی جائے گی۔جانوروں کو لگنے والی جلدی بیماری لمپی اسکن سے سندھ زیادہ متاثر ہے، 5 اضلاع کے سوا پورا صوبہ سندھ متاثر ہے تاہم کراچی میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں، اور گزشتہ روز تک 250 گائیں اس بیماری سے ہلاک ہو چکی ہیں۔خیال رہے کہ گائیوں میں لمپی اسکن کی بیماری کی وبا پھیلنے کے بعد سے کراچی میں دودھ اور گوشت کے استعمال میں کافی حد تک کمی آ چکی ہے، تاہم بھینسیں بھی اب شکار ہو رہی ہیں، تو شہر میں دودھ کا استعمال مزید کم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔