میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
غلط کو غلط کہیں گے اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتے، فضل الرحمان

غلط کو غلط کہیں گے اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتے، فضل الرحمان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۵ دسمبر ۲۰۲۵

شیئر کریں

ہم خوشامدی سیاست کے قائل نہیں، حق بات کریں گے،ہماری پاکستان سے وفاداری اور دوستی کو تسلیم کیا جائے
حکمران امریکا کی سوچ کو بغیر سمجھے اپناتے ہیں، حکمران اسلام کی پیروی کریں،دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتے لیکن غلط کو غلط کہیں گے اور یہ ہمارا حق ہے ۔سکھر میں دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم خوشامدی سیاست کے قائل نہیں، حق بات کریں گے،ہماری پاکستان سے وفاداری اور دوستی کو تسلیم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہاں محبت کا پیمانہ اسٹیبلشمنٹ کی خوشنودی بنا دی گئی ہے اگر وہ نہ ہو تو آپ کی پاکستان سے وفاداری بھی قبول نہیں کی جاتی۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس قائم اور جے یو آئی جدوجہد جاری رکھے گی ،حکمران امریکا کی سوچ کو بغیر سمجھے اپناتے ہیں، حکمران مغرب کی نہیں اسلام کی پیروی کریں۔انہوں نے کہا کہ مغرب اسلام کے علوم سے خوفزدہ ہے، افسوس ہمارے حکمران بھی اسی راہ پر ہیں،امریکہ جسے خطرہ سمجھے ہمارے حکمران بھی اسے ہی خطرہ قرار دیتے ہیں، صرف مسلمان ہونے پر شریعت کا الزام لگانا اسلام دشمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ شریعت سے نفرت کے بیانات کو ہم مسترد کرتے ہیں، قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی آئینِ پاکستان سے بغاوت ہے، پاکستان کے آئین میں حاکمیت اللہ کی ہے، اقوام متحدہ کی نہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ غیر اسلامی قانون سازی اللہ اور رسول کے فیصلوں سے انحراف ہے، سودی نظام کے خاتمے کے وعدے ہیں، عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کو کمزور کرنا آئینی وعدوں کی خلاف ورزی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات ایوان میں پیش نہیں کی گئیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے آزادی اور دین پر کبھی سودا نہیں کیا، اسلام کے خلاف کردار پر کھل کر مخالفت کریں گے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مدارس بھی رہیں گے، جدوجہد بھی جاری رہے گی، پاکستان کو مکمل اسلامی ریاست بنانا ہمارا مقصد ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں