میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دنیاکی کوئی طاقت پاک ترکیہ تعلقات کمزورنہیں کرسکتی ، وزیراعظم

دنیاکی کوئی طاقت پاک ترکیہ تعلقات کمزورنہیں کرسکتی ، وزیراعظم

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۵ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر طیب اردوان ایک دور اندیش رہنما ہیں، ان کی قیادت میں ترکیہ جدید فلاحی ریاست بن چکا ہے، دوست ملک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان اورترکیہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں۔استنبول شپ یارڈ پاک بحریہ کے میلجم پی این ایس خیبر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزرا کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دوسرے گھر کا دورہ کرتے ہوئے مجھے بڑی خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے لیے آج ایک اور عظیم دن ہے، ہم پاک بحریہ کے لیے دوسری میلجم کارویٹ خیبر کا افتتاح کر رہے ہیں، یہ موقع ہمیں 1920 میں لے گیا جب ترکیہ میں ہمارے بھائی اور بہن آزادی کی جنگ لڑ رہے تھے برصغیر کے مسلمان ان کے حق میں مہم چلا رہے تھے اور تک بہن بھائیوں کے لیے عطیات جمع کر رہے تھے۔انہوںنے کہاکہ اس طرح ہمارے تعلقات کی تاریخ مضبوط ہوتی گئی ہے، اپنے ترک بہن بھائیوں کے لیے جو بھی ہمدردانہ تعاون کیا گیا اس کو نہ صرف یاد رکھا گیا بلکہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہا، ترکیہ زلزلے اور سیلاب کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا اور ترکیہ نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کے ساتھ دینے کے لیے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم یہاں پاک بحریہ کے لیے جہاز کے افتتاح کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ دفاعی صلاحیت کے فروغ کے لیے وسیع بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ جارحیت کے خلاف امن کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ امن چاہتے ہیں تو آپ کو جنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے تو یہ منصوبہ بھی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ دفاع کے لیے ہے۔انہوںنے کہاکہ میں رجب طیب اردوان کو تجویز دینا چاہتا ہوں کہ پاکستانی اور ترک ماہرین اور ورکرز نے اس جہاز کی تیاری میں شان دار کام کیا ہے اور آئیے ہم اپنی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے ہیں اور اس شعبے میں مزید تعاون بڑھاتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا میں کشیدگی کا ماحول ہے، روس اور یوکرین کے درمیان تنازع نے دنیا میں کئی قسم کے مسائل کھڑے کر دیے ہیں اور اس حوالے سے اردوان کی کوششوں کو سراہتا ہوں کیونکہ انہی کوششوں کی وجہ سے یوکرین سے گندم کی درآمد ہوئی اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک بڑے بحران سے بچ گئے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کا ہماری درآمدی بل گزشتہ برس کے دوران 25 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا، اسی لیے ہم فوری طور پر شمسی اور پن بجلی اور ہائیڈل توانائی کی طرف جانا چاہتے ہیں اور اس شعبے میں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے لیے بہت مواقع ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں صدر اردوان کو تجویز دینا چاہتا ہوں کہ آئیں مل کر کاربن کے اخراج کو روکیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کی حوصلہ افزائی کریں اور یہ بہترین وقت ہے اور ہم اپنے تعلقات کو مزید جدت بخشیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تذکرہ کیا اور ترک صدر کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے منفرد تعلقات ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ہمارے تعلقات کو کمزور نہیں کرسکتی اور ہم مل کر اس موقع کا جشن منائیں گے اور دونوں ممالک کے عوام خوش حال ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ دوطرفہ دفاعی تعاون باہمی تعلقات کا بنیادی ستون ہے، پاکستان اورترکیہ کے گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی ہرممکن مدد کی۔ انہوںنے کہاکہ پاک ترک ماہرین ملجم منصوبے میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اورترکیہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں، دہشت گردوں کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پرگامزن ہیں۔قبل ازیں ترکیہ کے شہر استنبول کے شپ یارڈ پر پی این ایس خیبر کی لانچنگ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، ترک صدر طیب اردوان شریک ہوئے، شپ یارڈ آمد پر شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ترکیہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے پی این ایس خیبر کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر سید نوید قمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں