سندھ بلڈنگ ،نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے دھندے میںانتظامیہ ملوث
شیئر کریں
ڈپٹی کشن چند اور بلڈر مافیا کی سازباز سے نئی عمارتیں تعمیر،محکمہ کی کارروائی ، کاغذی ثابت
بلاک ایل پلاٹ نمبر A48,A302,پر بغیر نقشوں کے تعمیراتی لاقانونیت سے عوام بیزار
نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات تیزی سے پھیل رہی ہیں، جنہیں مقامی انتظامیہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کشن چند کی شہ پر ہی کھڑا کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں اور سماجی کارکنوں کا ماننا ہے کہ اگر متعلقہ محکموں کی ملی بھگت نہ ہوتی تو یہ عمارتیں ایک دن بھی نہیں کھڑی رہ سکتیں۔مقامی رہائشیوں کے مطابق، بغیر نقشے اور منظوری کے من چاہی منزلیں تعمیر کی جا رہی ہیں، پارکنگ کے لیے مخصوص علاقوں پر قبضہ کرکے دکانیں بنا لی گئی ہیں، جبکہ تنگ گلیوں میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے فلک بوس عمارتیں بننے سے نقل و حمل کا نظام تباہ ہو چکا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی شہری اس کی شکایت کرتا ہے ، یا تو اسے نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا پھر بلڈر مافیا کی طرف سے دھمکیاں ملتی ہیں۔محکمہ بلدیات کی جانب سے کبھی کبھار جاری ہونے والی انہدامی کارروائیاں بھی محض دکھاوے تک محدود ہیں، جن میں اکثر چھوٹے چھوٹے کچے ڈھانچے گرائے جاتے ہیں جبکہ بڑی غیر قانونی عمارتوں کو تحفظ حاصل رہتا ہے ۔ یہ صورتحال نہ صرف شہریوں کے حقوق کی پامالی ہے بلکہ ان کی جان و مال کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والی معلومات اور زمینی حقائق کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے بلاک L میں پلاٹ A48, A302 پر بغیر نقشے اور منظوری کے تعمیراتی لاقانونیت ڈپٹی ڈائریکٹر کشن چند کی مہربانی سے دن کے اجالے میں جاری ہے ،علاقہ مکین وزیر بلدیات سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ٹھوس اور غیر جانبدارانہ کارروائی کریں اور ملی بھگت کرنے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے خلاف بھی سخت اقدامات اٹھائیں۔


