صائمہ بلڈر کے ذیشان ذکی تحقیقات رکوانے میں کامیاب
شیئر کریں
ایف آئی اے(اینٹی کرپشن سرکل)میں صائمہ عربین ولاز کو غیر قانونی کنکشن دینے پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف تحقیقات سرد خانے کی نذر ہوگئی، گزشتہ 8 ماہ کے دوران کوئی پیش رفت نہ ہوسکی،اوگرا ا ور ایف آئی اے صائمہ عربین ولاز کو غیر قانونی کنکشن فراہم کرنے والے ذمہ داران کا تعین کرنے میں ناکام ہوگئے۔ جرأت کی خصوصی رپورٹ کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کے اینٹی کرپشن سرکل نے صائمہ بلڈرز اینڈڈیولپرز کے گڈاپ میں واقع رہائشی منصوبے کو بلک گیس کنکشن فراہم کرنے پر انکوائری نمبر 15/2022 شروع کی ، انکوائری شروع کرنے کے بعد صائمہ عربین ولاز کے مکینوں کو نوٹس جاری کرکے رواں برس کے شروع میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے دفتر میں قومی شناختی کارڈ اور متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ طلب کیا گیا، ایف آئی اے کی انسپکٹر عمارہ قریشی نے صائمہ عربین ولاز کو گیس فراہم کرنے پر اسکیم کے مکینوں کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی پر لگائے گئے الزامات کے متعلق دستاویزات بھی پیش کرنے کی ہدایت کی، صائمہ عربین ولاز کے مکینوں نے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے حکام کے پاس پہنچ کر رہائشی اسکیم میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے غیرقانونی طور پر بلک کنکشن دینے، گیس میٹرز کا سوئی سدرن گیس کمپنی میں ریکارڈ موجود نہ ہونے، غیر معیاری گیس پائپ لائن بچھانے سمیت دیگر شواہد پیش کیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے افسران اور صائمہ عربین ولاز کی انتظامیہ کو بھی طلب کیا گیا ، لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران اور صائمہ عربین ولاز کے ذمہ داران کے پیش ہونے یا ریکارڈ فراہم کرنے کی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔ اس سے پہلے یہ انکشاف ہوا کہ کراچی کے گڈاپ میں واقع رہائشی اسکیم صائمہ عربین ولاز کو سال 2019 میں بلک کنکشن فراہم کیا جس پر رہائشی اسکیم کے 4سے 5 ہزار گھروں، فلیٹس میں گیس میٹر لگائے گئے لیکن اسکیم کے مکینوں کے پاس سوئی سدرن گیس کمپنی کے بجائے صائمہ بلڈر ز کا خود ساختہ بنایا ہوا گیس بل آتے ہیں۔ اوگرا نے دعویٰ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے صائمہ عربین ولاز کا بلک گیس کنکشن منقطع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ صائمہ بلڈر کے ذیشان ذکی چمک کے باعث اپنے خلاف تمام اداروں میں تحقیقات رکوانے میں کامیاب رہے ہیں۔جس کے باعث بلڈر کی ہمت اب اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنے مختلف پراجیکٹس میں کھلے عام غیر قانونی کاموں کو کرتے ہوئے ذرا بھی نہیں گھبراتے۔