میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ حکومت،عظیم پورہ فلائی اوور 15جون کو کھولنے کا اعلان

سندھ حکومت،عظیم پورہ فلائی اوور 15جون کو کھولنے کا اعلان

ویب ڈیسک
پیر, ۲۵ مئی ۲۰۲۶

شیئر کریں

وزیراعلیٰ کا شاہراہِ بھٹو کا دورہ ، ای چالان سسٹم فوری فعال کرنے کے احکامات جاری
مراد علی شاہ کا کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کے اہم انفرااسٹرکچر منصوبوں کے اپنے مسلسل پانچویں اتوار کے دورے کے دوران کے بی آر ٹی ریڈ لائن مکسڈ ٹریفک کوریڈور، زیرِ تعمیر عظیم پورہ فلائی اوور اور حال ہی میں افتتاح کی گئی شاہراہِ بھٹو کا معائنہ کیا۔ شاہراہِ بھٹو کے دورے کے بعد انہوں نے کہاکہ ہم 15 جون کو عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ریڈ لائن منصوبے پر نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عظیم پورہ فلائی اوور کو 15 جون تک ٹریفک کے لیے کھولنے کی ہدایت دی، جبکہ شاہراہِ بھٹو پر عوامی تحفظ اور ٹریفک نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے پولیس پیٹرولنگ، موٹرسائیکلوں کے داخلے پر پابندی اور ای چالان سسٹم فوری فعال کرنے کے احکامات جاری کیے۔ سینئر وزیر شرجیل میمن اور میئر کراچی مرتضی وہاب بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔ مختلف مقامات پر کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمانڈر ایف ڈبلیو او کراچی بریگیڈیئر عدنان، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، سی ای او واٹر بورڈ احمد صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران و انجینئرز موجود تھے۔عظیم پورہ فلائی اوور کے مقام پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو میئر کراچی مرتضی وہاب نے منصوبے پر جاری کام اور مجموعی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلی سندھ نے میئر کراچی کو ہدایت دی کہ فلائی اوور کو 100 دن کے اندر مکمل کرکے 15 جون تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے۔ دورے کے دوران میئر کراچی نے زیرِ تعمیر فلائی اوور پر وزیراعلی سندھ کو گاڑی میں بٹھا کر آن سائٹ معائنہ کروایا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم 15 جون کو عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کریں گے اور اسے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں