پیکج عمران خان کے قوم اور غریبوں کیلئے احساس کی جھلک ہے ،فردوس عاشق
شیئر کریں
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع قومی حکمت عملی کا اعلان کیا۔ یہ پیکج عمران خان کے اپنی قوم اور غریبوں کے لئے احساس کی جھلک ہے ۔وزیراعظم نے معاشرے کے تمام طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدام اٹھایا ہے ۔معاشی حقائق اور قوم کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایک انتہائی بہترین پیکج ہے ۔ مزدور طبقے کے لیے 200ارب اور معاشرے کے انتہائی غریب افراد کے لئے 150 ارب کی رقم رکھی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوا ن نے بدھ کے روز ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہر وقت عوام کے لیے سوچتی ہے ۔ ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری ہی ہمارا مقصد ہے ۔یوٹیلیٹی سٹورز کے لیے 50 ارب کی رقم کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی یقینی ہو گی۔ لاک ڈائون کی صورتحال کے لئے 100 ارب اور گندم کی سرکاری خریداری کے لیے 280 ارب رکھے گئے ہیں۔پٹرولیم مصنوعات پر 15روپے کم کر دیئے ہیں۔برآمد کنندگان کو 100 ارب روپے کا فوری ریفنڈ دینے سے ایکسپورٹرز کی مدد ہوگی اور اس سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔ چھوٹی بڑی صنعتوں اور زراعت کے لئے 100 ارب سے پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹر بیان کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کا کوروناوائرس کے حوالہ سے عوام کے نام پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں وزیر اعظم نے لوگوں سے کہا ہے کہ گھروں میں رہیں اور ز ندگیاں بچائیں۔