میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جماعت اسلامی کی ٹی ایل پی کو کراچی کی ترقی کے لیے مل کر ساتھ چلنے کی دعوت

جماعت اسلامی کی ٹی ایل پی کو کراچی کی ترقی کے لیے مل کر ساتھ چلنے کی دعوت

ویب ڈیسک
منگل, ۲۴ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

امیرجماعت اسلامی کراچی و حق دو کراچی تحریک کے قائد حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی اور جماعت اسلامی کا نمبر ون پارٹی کی حیثیت سے سامنے آنے کے بعد شہر قائد کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے کراچی کی سطح پر اتفاق رائے کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں ،اس سلسلے میں منگل کو حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے تحریک لبیک پاکستان کے دفتر جا کر ان کے امیر و رکن صوبائی اسمبلی مفتی قاسم فخری سے ملاقات کی ۔ وفد میں نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز اور انجینئر سلیم اظہر شامل تھے جبکہ ملاقات میں تحریک لبیک کراچی کے نائب امیر مفتی عمر فاروق ، محمد عارف قادری ، نذیر احمد رضوی ، محمد سلیم باپو اور محمد ناصر باپو بھی موجودتھے ۔ ملاقات میں انتخابات میں دھاندلیوں اور نتائج میں تاخیر و ردو بدل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اتفاق رائے کیا گیا کہ فارم 11اور 12کے مطابق نتائج کی تصحیح ہونی چاہیئے اور دوبارہ گنتی کے عمل کو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مکمل شفاف بنایا جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ٹی ایل پی کے رہنمائوں کو دعوت دی کہ کراچی کی موجودہ ابتر حالت اور شہریوں کو درپیش سنگین مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ سب مل کر ساتھ چلیں اور اتفاق رائے کے عمل کی کوششوں میں آپ بھی ہمارا ساتھ دیں ۔تمام مسلکی ،لسانی و سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے تاکہ کراچی کے کروڑوں لوگوں کا بھلا ہو سکے ۔مفتی قاسم فخری نے وفد کا خیر مقدم کیا اور شہرکی تعمیر و ترقی کے حوالے سے جماعت اسلامی کے جذبات کو سراہا اور اتفاق کیا کہ تباہ حال کراچی کی تعمیر و ترقی میں تمام لوگوں کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے ، انہوں نے اس حوالے سے آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں ملک کے ہر علاقے اور زبان بولنے والے رہتے ہیں ، جماعت اسلامی کراچی کی حقوق کراچی تحریک کے ہر شہری کے حقوق اور مسائل کے حل کی تحریک ہے ، ہم نے حکومت اور اختیارات نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کی ہے جب اختیارات و وسائل ملیں گے تو مزید خدمت کریں گے ۔ جماعت اسلامی شہر کی تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں صنعتکاروں اور مختلف ٹریڈاینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی اور بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر ا ن کو مبارکباد دی۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کی آمد اور کامیابی پر مبارکباد دینے کا شکریہ ادا کیا اور ا س عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی صنعتی علاقوں اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ،وفد میں فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈ انڈسٹری کے صدرچوہدری سہیل عبد اللہ،سینئر نائب صدر عبداللہ عابد ، نائب صدر مزمل شعیب ، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر نعیم سروانہ ،سینئر نائب صدر محمد عامر سرفراز ، نائب صدر رضوان ایوب خان ، نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معز خان ، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل ، نائب صدر نعیم حیدر شامل تھے، ملاقات میں جماعت اسلامی کی صنعتکار رابط کمیٹی کی کنونیئر محمد بابر خان اور ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبد الرحمن فدا بھی موجود تھے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں