لطیف آباد، سپنا پلازہ کی غیر قانونی تعمیرات، شہری حلقوں میں تشویش
شیئر کریں
ڈپٹی ڈائریکٹر ساجد قائم خانی کی مبینہ سرپرستی شامل، تعمیرات روکنے کا مطالبہ
سندھ بلڈنگ کنٹرول کے متعلقہ افسران کی کارکردگی اور نگرانی پر سوالات
لطیف آباد یونٹ نمبر 05، ربیع الاول چوک سے بسم اللہ سٹی کی جانب جانے والی چڑھائی پر سپنا پلازہ کے نام سے سات منزلہ کثیر المنزلہ عمارت کی جاری تعمیر نے شہری حلقوں میں تشویش پیدا کردی ہے ۔
مذکورہ تعمیر کے حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کی کارکردگی اور نگرانی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔مقامی ذرائع اور شہری حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا ہے کہ سپنا پلازہ کی تعمیر ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ساجد قائم خانی کی مبینہ سرپرستی میں جاری ہے ۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ عمارت کا منظور شدہ نقشہ، تعمیراتی اجازت نامہ، زمین کی قانونی حیثیت یا منظور شدہ منزلوں کی حد سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو یہ معاملہ محض تعمیراتی خلاف ورزی نہیں بلکہ متعلقہ اداروں کی نگرانی اور قانونی کارروائی کا بھی متقاضی ہے ۔
شہریوں کے مطابق سات منزلہ عمارت کی تعمیر کے دوران یہ جانچنا ضروری ہے کہ آیا منصوبے کے لیے تمام قانونی اجازت نامے حاصل کیے گئے ہیں یا نہیں، اور موقع پر جاری تعمیر منظور شدہ بلڈنگ پلان کے مطابق ہے یا اس میں کسی قسم کی تبدیلی یا تجاوز کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، محکمہ بلدیات سندھ، کمشنر حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپنا پلازہ کے منظور شدہ بلڈنگ پلان، این او سی، زمین کے استعمال کی اجازت، تعمیر کی منظور شدہ منزلوں اور موقع پر جاری تعمیر کا فوری موازنہ کیا جائے اور عمارت کی قانونی حیثیت واضح کی جائے ۔
شہری حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ اگر منصوبے کے لیے فائر سیفٹی، ہنگامی راستوں، پارکنگ، پانی و سیوریج کی سہولیات اور دیگر ضروری این او سیز درکار ہیں تو متعلقہ فائر بریگیڈ، سول ڈیفنس، واسا اور دیگر مجاز اداروں کے ریکارڈ کو بھی جانچ کا حصہ بنایا جائے۔
شہریوں نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سپنا پلازہ کی تعمیر میں کسی قسم کی مبینہ رشوت، اختیارات کے ناجائز استعمال، غیر قانونی اجازت ناموں یا سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت کے شواہد سامنے آنے پر باقاعدہ انکوائری کی جائے۔
تحقیقات میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ساجد قائم خانی سمیت متعلقہ افسران کے کردار کا بھی جائزہ لیا جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا گیا تو مستقبل میں کسی حادثے کی صورت میں انسانی جانوں اور شہری املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے ۔


