ارشد شریف کا قتل، اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ و خارجہ سے رپورٹ طلب کر لی
شیئر کریں
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے سینئر صحافی اور اینکرپرسن ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے معاملہ پر ورزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے منگل کے روز رپورٹ طلب کر لی۔ جبکہ عدالت نے ارشد شریف کی میت فوری واپس لانے کا معاملہ پر سیکرٹری داخلہ اور خارجہ کو ارشد شریف کی فیملی سے رابطے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ دونوں سیکریٹری فوری طور پر نمائندے مقرر کریں جو فیملی سے فوری رابطہ کریں۔ بیرسٹرشعیب رزاق نے سوموار کے روز دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کروائی جائیں کہ کن حالات میں ارشد شریف ملک سے باہر گئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ارشد شریف کی باڈی کہاں ہے؟ اس پر بیرسٹر شعیب رزاق نے بتایا کہ ارشد شریف کی میت نیروبی میں ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی فیملی کو مطمئن کرنے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے سماعت منگل تک ملتوی کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔