حکومت کالعدم تحریک لبیک میں مذاکرات،پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں جاری
شیئر کریں
کالعدم تنظیم کے کارکنوں کااسلام آبادکی طرف مارچ جاری ہے جبکہ پولیس کی جانب سے بھی رکاوٹیںکھڑی کر کے مارچ کے شرکاء کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں ،مختلف مقامات پر تصادم کے نتیجے میںپولیس افسران ، اہلکاروںاور کالعدم تنظیم کے کارکنوںکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتالوںمیںمنتقل کر دیا گیا ،محکمہ داخلہ کی جانب سے مارچ کے روٹ اوراطراف کے علاقوںمیںموبائل سروس بند رکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناہے ۔تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے گزشتہ روز دوبارہ لاہورسے اسلام آبادکی طرف مارچ شروع کیا توپولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیںجس سے جی ٹی روڈ میدان جنگ بنا رہا۔پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے شدید پتھرا ئوسے ایک ڈی ایس پی اور دو ایس ایچ اوز سمیت 50سے زیادہ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے پولیس کی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ،ایس پی ڈولفن کی گاڑی کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا لاہور : رانا ٹائون ،کالا شاہ کاکو شاہدرہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی پولیس کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی ،مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے اور ٹائروں سے ہوا نکال دی، مظاہرین کے توڑ پھوڑ کرنے پر پولیس گاڑیوں کے بغیر ہی وہاں سے چلی گئی۔بتایا گیا ہے کہ مشتعل مظاہرین پولیس کی طرف سے لگائی رکاوٹیں ہٹاکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایدھی رضا کارو ں کے مطابق گزشتہ روز بھی پولیس اہلکاروںاور کالعدم تنظیم کے کارکنوںکو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کرنے کاسلسلہ جاری رہا ۔