میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کے الیکٹرک کیخلاف عوامی ریفرنڈم کا آغاز ہزاروں افراد نے بیلٹ کاسٹ کیا

کے الیکٹرک کیخلاف عوامی ریفرنڈم کا آغاز ہزاروں افراد نے بیلٹ کاسٹ کیا

ویب ڈیسک
هفته, ۲۴ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

 

حافظ نعیم الرحمن ،عتیق میر ، محمود حامدو دیگر تاجر رہنمائوں نے مرکزی ریفرنڈم کیمپ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ،مساجد کے باہر عوام نے اپنی رائے دی
شہربھرمیں ریفرنڈم کیمپ قائم ،کے ایم سی میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف بھی سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی،حافظ نعیم الرحمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کے خلاف عوامی ریفرنڈم کا آغاز ہوگیا ۔بجلی کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلٹی ٹیکس اور ٹی وی لائسنس فیس سمیت دیگر ٹیکسوں اور جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر اضافی وصولیوں کے خلاف اتوار 25ستمبر تک جاری رہنے والے ریفرنڈم کے پہلے دن جمعہ کو شہر بھر کی سینکڑوں مساجد کے باہر عوام سے رائے لی گئی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔ ووٹنگ کے لیے ادارہ نور حق میں مرکزی ریفرنڈم کیمپ سمیت شہر بھر میں اہم پبلک مقامات ، شاہرائوں ، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں بھی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں عوام کی رائے لینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ عوام سے رائے لی جارہی ہے کہ ناجائز ٹیکسز اور اضافی وصولیاں بند نہ کی گئیں تو بجلی کے بل ادا کیے جائیں یا نہیں ، عوام نے جو بھی فیصلہ دیا جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،تاجر رہنما عتیق میر ، اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد اور دیگر تاجر رہنمائوں نے مرکزی ریفرنڈم کیمپ کا دورہ کیا اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی جانب سے کے الیکٹرک بلوں میں کے ایم سی میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف بھی سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ کے الیکٹرک کو یوٹیلٹی چارجز وصول کرنے سے روکا جائے۔ پٹیشن امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ اور کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے انچارج عمران شاہد نے جمع کرائی ،حافظ نعیم الرحمن نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر اور مرکزی ریفرنڈم کیمپ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے ایم سی میونسپل چارجز کی وصولی پر حکومت کو ذمہ دار ٹہرارہی ہے لیکن اس نے حکومت کے ساتھ ان چارجز کی وصولی کا معاہدہ کیا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ کے الیکٹرک کے اصل معاہدے میں تو کراچی کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے سرمایہ کاری کرنا شامل تھا لیکن پیداواری صلاحیت فراہم کی گئی نہ شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات مل سکی ۔ کے الیکٹرک ہر سال اربوں روپے کا منافع حاصل کرتی ہے لیکن کراچی کے عوام کو کلاء بیک کی مد میں 50ارب روپے کی ادائیگی نہیں کرتی اور کوئی حکومت اور حکمران پارٹی عوام کا حق دلانے کے لیے تیار نہیں، نیپرا،حکومت اور کے الیکٹرک کا شیطانی اتحاد ہے جو کراچی کے عوام کو لوٹ رہا ہے،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ سندھ سے پوچھتے ہیں کہ بجلی کے بلوں میں برسوںسے الیکٹرک سٹی چارجز کی مد میں جو اربوں روپے وصول کیے گئے ہیں وہ کہاں خرچ کیے گئے ؟ کراچی سے موٹر وہیکل ٹیکس بھی اربوں روپے وصول کیا جاتا ہے اس لیے کہ شہری سڑکیں بنائی جائیں ، خراب سڑکوں کو بہتر کیا جائے لیکن شہری سڑکوں کا جو حال ہے وہ روزانہ سفر کرنے والے بخوبی جانتے ہیں ، وزیر اعلیٰ عوام کو بتائیںکہ موٹر وہیکل ٹیکس کے اربوں روپوں میں سے کراچی پر کتنے خرچ کیے گئے ؟انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ ہیں اور کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور ظلم و زیادتیوں کے خلاف ہم نے عدالتوں سے بھی رجوع کیا ہے ، جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ، کے ایم سی میونسپل ٹیکس سمیت دیگر ناجائز ٹیکسوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہو ئی ہے اور عوام عدالتوں سے امید کرتے ہیں کہ انہیں انصاف اور ریلیف ملے گا ، ہم عوام کے حقوق کے لیے آئینی و قانونی جدو جہد کے ساتھ ساتھ سیاسی ، جمہوری اور عوامی جدوجہد بھی جاری رکھیں گے ، شہر بھر میں ریفرنڈم کا آغاز ہو گیا ہے اور مختلف مقامات پر عوامی عدالتیں بھی لگائی جائیں گی ،عوام کے احساسات و جذبات کی بھر پور طریقے سے ترجمانی کی جائے گی ۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی ۔ کراچی تاجر اتحاد کے رہنماعتیق میر نے مرکزی ریفرنڈم کیمپ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک ایسا ادارہ ہے جس کے خلاف کوئی پارٹی نہیں بولتی۔کے الیکٹرک کے خلاف جدوجہد پر جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔جماعت اسلامی نے شہریوں کے سلگتے مسائل کے حل کے لیے آواز اُٹھائی ہے ،تاجر اورعوام بجلی کے بھاری بلوں سے سخت پریشان ہیںاور لوگ اس وجہ سے خودکشی بھی کرنے پر مجبور ہیں۔میں کراچی کی تمام تاجر برادری کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم جماعت اسلامی کی تحریک کے ساتھ ہیں۔ اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدرمحمود حامد نے کہا کہ عوامی ریفرنڈم کے انعقاد پر جماعت اسلامی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔کل کراچی کی تمام مارکیٹوں میں عوامی ریفرنڈم کروائیں گے۔ اس موقع پر نائب امراء کراچی برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی،محمد اسحاق خان، راجا عارف سلطان، سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،حیدری مارکیٹ کے صدر اختر شاہد، بولٹن مارکیٹ کے حنیف میمن ، فلک ناز پلازہ کے محمد مختار، کپڑا مارکیٹ کے رہنما شیخ محمد عالم، صدر الائنس بوہری بازار کے رہنما دلاور خان، پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے حاجی جاوید، اورنگی ٹاون ٹریڈ ایسوسی ایشن کے رہنما عبد اللہ بٹرا، بولٹن مارکیٹ کے رہنما شریف میمن سمیت دیگر تاجر رہنمائو ں نے بھی عوامی ریفرنڈم میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں