مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا پاکستان کا فرض ہے ‘ احسن اقبال
شیئر کریں
بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی ‘مظالم سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ‘وفاقی وزیر
سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا پاکستان کا فرض ہے ‘ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی ‘ان مظالم سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر قانون زاہد حامد نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ فائرنگ سے اموات پر افسوس ہے ‘ یہ پورے پاکستان کے شہید ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری ہے ‘مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا پاکستان کا فرض ہے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی، ان مظالم سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوںنے کہاکہ جب بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاتا ہے تو بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز فرض سمجھ کر اٹھاتا رہے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر یا ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے بھارت جس زبان میں بات کرے گا ہم اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت متاثرین کا تمام نقصان پورا کرنے کے لئے جائزہ لے رہی ہے۔