میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلاول بھٹو کرپشن کے خلاف نکلتے تو ہیرو بن جاتے ، شیخ رشید

بلاول بھٹو کرپشن کے خلاف نکلتے تو ہیرو بن جاتے ، شیخ رشید

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۴ مارچ ۲۰۱۹

شیئر کریں

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اگر کرپشن کے خلاف نکلتے تو ہیرو بن جاتے ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے ۔ نوشہرہ میں درگئی سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17 سال بعد مردان سے درگئی تک ریلوے سروس بحال کر دی، گزشتہ حکومت نے ریلوے پرکوئی توجہ نہیں دی ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ایک بار پھر فعال اور کار آمد بنا دیں گے ۔ ہم نے رحمان بابا ٹرین چلائی تھی تو لوگوں نے مذاق بنایا تھا لیکن اس کا ریلوے کو فائدہ ہوا اور ہم آج سفاری ٹرین بھی چلانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ سمیت پورے ملک میں ٹرین چلائیں گے اور انگریز کے بنائے ہوئے ٹریکس کو بحال کریں گے جب کہ نوشہرہ سے مردان ریلوے ٹریک کو بھی دوبارہ فعال کر دیں گے ۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا(کے پی)کو ٹرین ٹریکس پر رکاوٹیں ختم کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہمارا چین کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا۔ ہم قبائلی علاقوں کو ٹرین کے ذریعے مین ٹریک سے ملائیں گے جب کہ پورے ملک میں ٹرینوں کا جال بچھا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آلودگی کے باعث آئل ٹرینوں کو ختم کر دیا جائے گا اور کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک ڈالیں گے ۔ اس وقت ٹرین سروس سی پیک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے 30 جون سے پہلے جھاڑو پھرنے کی بھی پیش گوئی کر تے ہوئے کہا کہ چور رہیں گے یا پھر چوکیدار رہیں گے ۔ بلاول نے اپنی زندگی میں حماقت کی ہے اور اب باپ کے لیے چتا جلانے جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اگر کرپشن کے خلاف نکلتے تو وہ بہت بڑے لیڈر بن جاتے لیکن اب زیرو بن گئے ہیں۔ ہم جمہوری لوگ ہیں بلاول بھٹو کو ٹرین مارچ کے لیے مفت ٹرین فراہم کریں گے ، ہم ٹرین مارچ کرنے جا رہے تھے تو اجازت نہیں دی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں