بیٹے کی تدفین میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ پہنچنے والی ماں انتقال کرگئی
شیئر کریں
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیش آنے والے اندوہناک سانحہ میں شہید ہونے والے اردن کے شہری کی ماں بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کرسکیں اوردل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 38 سالہ کامل درویش کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ان کی 64 سالہ والدہ نیوزی لینڈ پہنچی تھیں لیکن نماز جنازہ سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔اردن کے سفارتخانے نے مساجد حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی نژاد اردنی شہری کامل درویش کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی ہے ۔کامل درویش کی والدہ کی میت کو اردن منتقل کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ کامل درویش چھ ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ آئے تھے ۔ اردن میں ان کے تین بیٹے اور بیوہ موجود ہیں۔ڈیری فارمنگ کے شعبے سے وابستہ کامل درویش اپنے بھائی کے ساتھ کام کرنے کے ارادے سے نیوزی لینڈ منتقل ہوئے تھے ۔شہادت سے قبل 38 سالہ کامل درویش نے بیوی بچوں کے ویزے کے لیے درخواست بھی جمع کرائی تھی۔