سانحہ گل پلازہ آپریشن کا کام حتمی مراحل میں داخل،71 اموات،77 لاپتا
شیئر کریں
آپریشن میں مزید انسانی باقیات برآمد، سول اسپتال میں باقیات کی مقدار زیادہ ہے
تباہ شدہ عمارت میں ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ،ڈی سی سائوتھ
(رپورٹ:افتخار چوہدری)سانحہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن کا کام حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، مزید انسانی باقیات برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 71 تک جا پہنچی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے گل پلازہ میں7 روز سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران مزید انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز سول اسپتال کراچی میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے مزید باقیات بھجوائی گئی تھیں، پوسٹ مارٹم کے دوران اندازہ ہوا ہے کہ برآمد ہونے والی باقیات کی مقدار زیادہ ہے، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سائوتھ جاوید نبی کھوسو کے مطابق گل پلازہ میں سرچ آپریشن اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، امید ہے سرچ آپریشن جلد مکمل کر لیا جائے گا۔سرکاری فہرست کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 77 ہے تاہم مزید کوئی لاپتہ ہے تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔ڈی سی سائوتھ نے مزید بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)کی ٹیم موقع پر تعینات ہے اور ان کی نگرانی میں تمام کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔دوسری جانب گل پلازہ کی آگ سے تباہ شدہ عمارت میں ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جاں بحق افراد کی باقیات کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔ڈی جی ریسکیو 1122 واجد صبغت کے مطابق گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے گرائونڈ فلور پر سرچ آپریشن باقی ہے۔چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ گزشتہ رات بیسمنٹ میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تھی ، جسے بروقت کنٹرول کر لیا گیا، تاہم عمارت کی حالت انتہائی خطرناک ہے جس کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سانحے میں درجنوں خاندان اجڑ گئے ہیں جبکہ پلازہ کے باہر متاثرہ خاندانوں کے افراد اب بھی اپنے پیاروں کی واپسی کی امید لیے منتظر ہیں۔


