آرمی چیف کی تعیناتی ،کل تک ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی، خواجہ آصف
شیئر کریں
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ترکیہ روانگی سے قبل ہی نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو جائیگا،میڈیا نے معاملے کو بہت اچھالا ہے جو نہیں ہونا چاہیے تھا، آرمی چیف کی تعیناتی سے ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ضرور ہوگا، صدر اور وزیر اعظم کے جو بھی فرائض ہیں ان کو سیاست سے ہٹ کر ملک و قوم اور آئین و قانون کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں،امید ہے نواز شریف اس سال کے آخر تک پاکستان آئیں گے ۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ضرور ہوگا کیونکہ کچھ وجوہات کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ سے اس پر باتیں چل رہی ہیں اور میڈیا نے بھی اس معاملے کو بہت اچھالا ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس عہدے کا وقار ہے۔انہوںنے کہاکہ ابھی تک کچھ کام ہیں مگر وزیر اعظم کی روانگی پرسوں ترکیہ روانگی سے قبل ہی یہ عمل مکمل ہوجائے گا۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گاجبکہ کابینہ میں بھی اس پر بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف اس سال کے آخر تک پاکستان آئیں گے۔وزیر دفاع نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم کے جو بھی فرائض ہیں ان کو سیاست سے ہٹ کر ملک و قوم اور آئین و قانون کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔انہوںنے کہاکہ میڈیا نے اس معاملے پر بہت زیادہ غیر ضروری قیاس آرائیاں کی ہیں جن میں کچھ مفادات کی نمائندگی کی جاتی ہے، مگر میڈیا کو اس طرح نہیں کرنا چاہیے۔