میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سی پیک منصوبوں سے پورے ملک کو فوائد ملیں گے، وزیراعظم عباسی

سی پیک منصوبوں سے پورے ملک کو فوائد ملیں گے، وزیراعظم عباسی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۳ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

گوادر (مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت محض باتوں پر نہیں ،عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، سی پیک سے پاکستان میں بے پناہ ترقی ہوگی ،منصوبے سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، ترقی و خوشحالی کے منصوبوں سے گوادر مچھیروں کے چھوٹے سے قصبہ سے عالمی اہمیت کا حامل شہر بن جائے گا، سی پیک محمد نواز شریف اور چینی وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے، گوادر میں بجلی اور پانی کے مسائل گورنر اور وزیراعلیٰ نے اٹھائے ہیںدونوں مسئلوں پر کام جاری ہے ،اگلے چند ہفتوں میں ثمرات سامنے آئیں گے۔ وزیراعظم نے یہ بات بدھ کو گوادر بندرگاہ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال‘ وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز میر حاصل بزنجو، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، چینی سفارتکار یانگ ینگ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال خان، وزیر مملکت میری ٹائم افیئرز جعفر اقبال، کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ، چینی کنسٹرکشن کمپنی کے حکام اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ سی پیک پاک۔چین دوستی کو نئی بلندیوں اور وسعتوں سے ہمکنار کرے گا، سی پیک پاکستان اور چین کی قیادت کا مشترکہ وژن ہے، یہ چینی صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے منصوبہ میں چینی کمیونیکیشن کارپوریشن، چائنا اوورسیز بورڈ ہولڈ کمپنی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے 15 ارب روپے کا یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے گوادر کی بندرگاہ فری زون اور کوسٹل ہائی وے کے راستے کراچی تک نئے رابطے استوار ہوں گے۔ گوادر کی ترقی و خوشحالی کیلئے مختلف منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر میں پائلٹ فری زون اس سال مکمل ہو گا، پورٹ پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، ایئرپورٹ کا افتتاح بھی عنقریب ہو رہا ہے، اسی طرح پاور پلانٹ بھی جلد شروع ہو گا، انہوں نے کہاکہ گوادر میں ترقی و خوشحالی کیلئے 170 ارب روپے سے زائد کے منصوبے جاری ہیں، منصوبوں کی تکمیل سے گوادر اور پاکستان کے عوام کی توقعات پوری ہوں گی، انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ منصوبوں کی تکمیل سے گوادر مچھیروں کے چھوٹے سے قصبہ سے عالمی اہمیت کا حامل شہر بن جائے گا، گوادر کا محل وقوع اور اس کا جغرافیہ اسے عالمی نقشہ پر اہم مقام بنائے گا، اس میں پاک۔چین اقتصادی راہداری کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں بجلی اور پانی کے مسائل گورنر اور وزیراعلیٰ نے اٹھائے ہیں، ان دونوں مسئلوں پر کام جاری ہے اور اگلے چند ہفتوں میں اس کے ثمرات سامنے آئیں گے گوادر میں بجلی اور پانی کے مسائل ہم خود حل کریں گے جہاں تک بارڈر تک رسائی کا جو مسئلہ ہے میں وزیر داخلہ احسن اقبال سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس ضمن میں فوری اقدامات کریں اور عوام کو بارڈر تک رسائی دیں ۔وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں مقامی آبادی کا ضرور خیال رکھا جائے، ان منصوبوں سے نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان کو فوائد ملیں گے، ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ ان منصوبوں میں مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار اور تربیت کے مواقع فراہم ہوں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں