گولی و بندوق سے نہیں ڈریں گے،27 ستمبر کو انقلاب ہوگا، سہیل آفریدی
شیئر کریں
ہمیں ان حق پرست ججز کا ساتھ دینا ہے جو انصاف کرتے ہیں اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہیں
ایک ہی ملک میں طاقتور کے لئے الگ قانون اور کمزور کے لئے الگ قانون، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے
27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے نکلیں گے ،اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے،
جعلی حکمرانوں کو آئین و قانون کا کوئی ڈر نہیں، وہ خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے تین ججز کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کی تمام تر ذمہ داری وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پر عائد ہوتی ہے، تین ججز نے عمران خان کا ان کی بہن اور ذاتی معالج کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کرانے کا حکم دیا، مگر جعلی حکومت نے اس حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا،یہ صرف تین ججز نہیں بلکہ پوری عدلیہ کی توہین ہے۔
وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع بونیر کے ایک روزہ دورے کے دوران سواڑی چوک میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان، صوبائی وزراء شفیع جان، مینا خان آفریدی اور دیگر صوبائی و مقامی رہنماؤں نے بھی اسٹریٹ موومنٹ میں شرکت کی۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ جعلی حکمرانوں کو آئین و قانون کا کوئی ڈر نہیں اور وہ خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں،ہمیں ان حق پرست ججز کا ساتھ دینا ہے جو انصاف کرتے ہیں اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہیں،ایک ہی ملک میں طاقتور کے لیے الگ قانون اور کمزور کے لیے الگ قانون، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔
27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے نکلیں گے اور اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے، 27 ستمبر کو انقلاب ہوگا۔ ہم 27 ستمبر کو نکلیں گے اور گولی و بندوق سے نہیں ڈریں گے، ہمیں حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے، تیسرا کوئی راستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کے درمیان ہیں اور وہ عوامی طاقت سے باہر آئیں گے جس طرح عمران خان قربانی دے رہے ہیں، اسی طرح ہم بھی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہمیں کوئی ایک انچ بھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ آپ کو ڈائیورٹ کرنے کی کوشش کریں گے، مگر آپ نے ڈائیورٹ نہیں ہونا۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمیں اس شخص کا ساتھ دینا ہے جس نے بیرونی غلامی کے خلاف ”ایبسلوٹلی ناٹ” کہا،عمران خان واحد لیڈر ہیں جو اس ملک کو بچا سکتے ہیں، معیشت بہتر کر سکتے ہیں اور ملک کو حقیقی خودمختاری دے سکتے ہیں، عمران خان قومی یکجہتی کی ضمانت ہیں اور وہی اداروں کی عزت بحال کرا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان ہماری آئندہ نسلوں کے لیے قربانی دے رہے ہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عمران خان کے لیے نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ بونیر کے لوگوں نے ہمیشہ عمران خان سے محبت کی ہے اور عمران خان نے بونیر کے لوگوں کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائم مقام چیئرمین کا عہدہ دیا۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ان چوروں اور لٹیروں نے پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے،حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی کھا رہے ہیں،وفاقی حکومت نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے اور موجودہ حکمران ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس فیصلے سے باغی ہیں جو عوام کے حق میں نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں وہاں 90 فیصد سے زیادہ نوجوان ہوتے ہیں۔ ہمارے نوجوان کاکروچ نہیں بلکہ اقبال کے شاہین ہیں۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور فیصلے کرنے ہیں۔


