میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران ، ٹرمپ ملاقات، وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کردیا

عمران ، ٹرمپ ملاقات، وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کردیا

ویب ڈیسک
منگل, ۲۳ جولائی ۲۰۱۹

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملنے کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے۔ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کردیا۔وائٹ ہاؤس اعلامیے کے مطابق صدر ٹرمپ جنوبی ایشیا کے امن، استحکام، خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔امریکا جنوبی ایشیا میں امن کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔اعلامیہ کے مطابق صدر ٹرمپ پاکستان کے ساتھ مضبوط معاشی، تجارتی تعلقات چاہتے ہیں، مضبوط تجارتی تعلقات امریکا پاکستان کیلئے فائدہ مند ہوں گے، صدر ٹرمپ علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے ابتدائی اقدامات کو تسلیم کرتا ہے، پاکستان نے افغانستان امن بات چیت کرانے کے لیے کوششیں کی ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا پاکستان سے افغانستان امن بات چیت میں مزید تعاون کا کہے گا، پاک امریکا مضبوط شراکت کا راستا افغانستان میں تنازع کے پر امن حل میں ہے، پاکستان نے اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروپس کیخلاف کچھ اقدامات کیے ہیں، پاکستان کاتمام دہشت گرد گروپوں کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا اقدام بہت اہم ہوگا۔وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 2018 میں 6.6 ارب ڈالر کی باہمی تجارت کا نیا ریکارڈ بنا، امریکا کی پاکستان کو 2018 میں 2.8 ارب ڈالر کی ریکارڈ برآمدات ہوئیں، پاکستان کو برآمدات بڑھنے سے امریکا میں 10 ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں، امریکا، پاکستان کی اشیاء کی درآمدات کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان سے تجارتی تعلقات امریکی کسانوں کیلئے بہت فائدہ مند ہیں، امریکا نے 2018 میں پاکستان کو 1.4 ارب ڈالر کی زرعی اشیاء برآمد کیں، 15 برس سے امریکا پاکستان میں 5 بڑے انویسٹرز میں شامل ہے، امریکی توانائی کی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع مل رہے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق امریکی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی لا رہی ہیں، امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں 3 ارب ڈالر سے زیادہ کے کاروبار کا موقع ملا ہے، پاکستان نے مارچ 2017 تا اپریل 2019 امریکا سے بڑی مقدار میں ایل این جی خریدی، 27 برس بعد ایگزون موبل نے پاکستان میں دوبارہ دفتر قائم کیا، ایگزون موبل پاکستان میں ایل این جی درآمدات بڑھانے کیلئے کام کررہا ہے۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان کا ویژن لے کر امریکاآئے ہیں، عمران خان پاک امریکاتعلقات کا نیا دور شروع کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم خطے میں امن اور خوشحالی کا بیانیہ لے کر امریکا آئے ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے پاکستان ہاؤس میں ملاقات کی جس میں مختلف امور زیر غور آئے ۔ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سینیٹر لنزے گراہم نے باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی اور وزیراعظم عمران خان نے پاک امریکہ تعلقات کی بہتری کیلئے سینیٹر لنزے گراہم کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینیٹر کو ترقی اور معاشی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکا سے وسیع بنیادوں پر تعلقات چاہتا ہے جو دونوں کے مفادات کا تحفظ کرتا ہو۔انہوں نے کہا کہ معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں بھرپور تعاون چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام کی پاکستان نے بھاری قیمت اداکی اور پاکستان امریکاکے تعاون سے افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل چاہتا ہے۔سینیٹر لنزے گراہم نے کہا کہ پاک امریکااعلیٰ سطح پر رابطے دونوں ملکوں کے فائدے میں ہیں، افغانستان میں امن اور مفاہمت کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشن کے باعث صورتحال بہتر ہوسکی۔سینیٹر لنزے گراہم ری پبلکن پارٹی اور امریکی سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے رکن ہیں اور خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاک امریکا تعلقات کے سرگرم حامی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں