پاکستان کے خلاف جارجیت کا جواز پیدا کرنے کی بھارتی کوشش
شیئر کریں
بھارتی ایجنسی کا پرویز احمد ،بشیر احمد کی گرفتاری کو پہلگام کے بڑے ثبوت کے طور پیش کرنے کا دعویٰ
بھارت گرفتاری کی آڑ میں آزاد کشمیر اور پاکستان میں مس ایڈوینچر کی منصوبہ بندی کررہا ہے، تجزیہ کار
بھارتی ایجنسی این آئی اے نے پہلگام میں دو مقامی افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ بھارتی ایجنسی نے پرویز احمد اوربشیر احمد کی گرفتاری کو پہلگام واقعے میں پاکستان پر لگائے الزام کے ایک بڑے ثبوت کے طور پیش کرنے کا دعوی کیا ۔ ان افراد کو یو اے پی ایکٹ 1967 کی دفعہ 19 کے تحت ہل پارک بٹکوٹ پہلگام کی ڈھوک سے گرفتار کرنے کا دعوی کیا گیا ہے ۔ ان افراد پر لگائے گئے الزام کے مطابق انہیں پہلگام حملے میں مبینہ طور ملوث افراد کو اپنے کوٹھوں میں پناہ دینے اور کھانے پینے کا سامان بہم پہنچانے میں ملوث قرار دیا گیا ہے ۔ گرفتار افراد کے لواحقین نے ایسے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے ۔ اس تردید اور علاقے سے ملنے والے دیگر شواہد کے مطابق ایسے الزامات میں بظاہر کوئی صداقت دکھائی نہیں دیتی ۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت در اصل اس گرفتاری کی آڑ میں آزاد کشمیر اور پاکستان میں ایک اور مس ایڈوینچر کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔ بھارتی حکام کے مطابق آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی حکام مزید کسی بڑے فالس فلیگ آپریشن کے تانے بانے بن رہے ہیں۔ یہ بھی خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ بھارتی حکومت ایران کی صورت حال سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے خلاف پھر کوئی جارجیت کرنے کا جواز پیدا کرنے کی کوششوں میں ہے ۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق پاکستان کو اس معاملے پر آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی تاکہ بھارتی حکومت دوبارہ سات مئی جیسا جارحانہ اقدام نہ کرے جس میں معصوم جانوں کا ضیاع ہوا۔اگر ایسا ہوا تو ایران اسرائیل تنازعے کے ساتھ ساتھ پاکستان بھارت جنگ خطے میں کوئی نیا اور بڑا خطرہ پیدا کرسکتی ہے ۔


