نیب ترامیم سے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی بھی مستفید، ریفرنس واپس
شیئر کریں
کراچی کی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔ نیب ترمیمی ایکٹ سے سابق ڈی جی پارکس کراچی کو بھی ریلیف مل گیا ہے اور احتساب عدالت نے لیاقت قائم خانی کے خلاف ریفرنس نیب کوواپس بھیج دیا ہے۔ نیب نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بنایا تھا، اور ان کے گھر چھاپے سے قیمتی گاڑیاں، سونا، زیورات ملے تھے۔ نیب کے مطابق لیاقت قائم خانی پارک کی زمین غیر قانونی طور پر پرائیویٹ پارٹی کو الاٹ کرنے میں ملوث رہے، انہیں سیکشن نائن اے 5 کے تحت کرپشن کا مرتکب قرار دیا گیا۔ نیب ریفرنس میں لیاقت قائم خانی کے معلوم ذرائع سے ہونے والی آمدن اور ان کے ملکیتی اثاثوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا گیا۔ اس سے پہلے لیاقت قائم خانی کو جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل سے متعلق غیر قانونی الاٹمنٹس کے ایک ریفرنس میں بھی نامزد کیا جاچکا ہے۔