زمین پر ہیں قدم جمائے‘ فضا بھی اپنے حصار میں ہے.....”اسلحہ برائے امن“ آئیڈیاز 2016 کا آغاز
شیئر کریں
جے ایف 17 تھنڈر، الخالد ٹینک، سپر مشاق، کے 8 ائیر کرافٹ، فاسٹ اٹیک ائیر کرافٹ میزائل بوٹس، آرمرڈ پرسنل کیریئر توجہ کا مرکز بنے رہے
ترکی کے جدید طیارے اور ایئر ڈیفنس سسٹم بھی نمائش کو چار چاند لگا رہے ہیں اور روس کی تین کمپنیاں بھی جدید ترین اسلحے کے ساتھ موجود ہیں
میگزین رپورٹ
9 ویں چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار ”آئیڈیاز 2016 “کاافتتاح کراچی کے ایکسپو سینٹر میں وزیر اعظم نوازشریف نے کیا جب کہ رخصت ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی ہمراہ تھے۔
افتتاح کے بعد وزیر اعظم ، آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام نے مختلف اسٹالز کو دورہ بھی کیا۔نمائش کا عنوان اس سال ’اسلحہ برائے امن‘ رکھا گیا ہے۔
نمائش کا انعقاد ڈیفنس ایکسپورٹ اینڈ پروموشن آرگنائزیشن کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں 43 ممالک کے تقریباً 90 وفود شرکت کررہے ہیں ۔نمائش میں 34 ممالک کی مجموعی طور پر 418 کمپنیاں نمائش میں حصہ لے رہی ہیں ۔25 نومبر تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش میں 9 ممالک لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ری پبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجئیم، نائجیریا اور رومانیہ پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔غیر ملکی کمپنیوں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ایکسپو سینٹر کے 8 ہال پہلی بار استعمال ہوں گے۔
آئیڈیاز میں مجموعی طور پر 14 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے، جن میں پہلے دن چار، دوسرے روز تین، تیسرے روز چار جبکہ نمائش کے آخری دن تین مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
اس موقع پر پاکستانی دفاعی آلات شرکا کی توجہ کا مرکزبنے رہے ۔نمائش میں 261 غیر ملکی جبکہ 157 قومی کمپنیاں اپنی دفاعی مصنوعات پیش کررہی ہیں جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر، کے 8 ایئرکرافٹ، الخالد ٹینک، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹ اور دیگر دفاعی ساز و سامان پیش کیے جارہے ہیں۔4 روزہ نمائش کیلئے ملکی اور غیر ملکی سامان حرب و ضرب سجا دیا گیا جبکہ ترکی کے جدید طیارے اور ایئر ڈیفنس سسٹم بھی نمائش کو چار چاند لگا رہے ہیں اور روس کی تین کمپنیاں بھی جدید ترین اسلحے کے ساتھ موجود ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین کوخوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دفاعی نمائش کے کامیاب انعقاد پرتمام متعلقہ اداروں اور افراد کو مبارکباد دیتا ہوں۔ن کا کہنا تھا کہ نمائش میں غیرملکی وفود کی بڑی تعداد میں شرکت حوصلہ افزا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلحہ برائے امن کی پالیسی پر گامزن ہے، دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا ذکر کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دفاعی صنعت کی ترقی کیلئے بھی کام کررہا ہے، ایک سال سے صنعتی شعبے میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی۔معاشی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے 16سال میں پہلی مرتبہ کم شرح سود کا اعلان کیا۔حکومت کی جامع پالیسی کے باعث توانائی کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے، ملک میں شرح سود تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ، ہمارا ڈی جی پی آئندہ سال 5 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے، حکومت سماجی شعبے کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت ترقی کے مراحل تیزی سے طے کررہی ہے، آئیڈیاز2016 دفاعی صنعت کی نمایاں کامیابیوں کا ثبوت ہے،غیر ملکی وفود کی شرکت نے ہمارا حوصلہ مزید بڑھایا۔قبل ازیں ڈی جی ڈیفنس ایکسپو میجر جنرل آغا مسعود اکرم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی سامان بنانے میں بتدریج بہتری لارہے ہیں۔انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں، وفود اور خصوصی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
صدر مملکت ممنون حسین شام کے وقت مقامی ہوٹل میں اسی سلسلے میں منعقدہ عالمی دفاعی سیمینار میں ہوئے تاہم شرکائے نمائش کے لئے سائیڈ لائن کانفرنسز ایکسپو سینٹر میں ہی منعقد کی جائیں گی۔